پولینڈ کے فٹ بال کے شائقین کو پنجروں میں بند کر کے میچ دیکھنے پر مجبور کیا جانےلگا

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 24 مارچ 2019 23:50

پولینڈ کے فٹ بال کے شائقین کو پنجروں میں بند کر کے میچ دیکھنے پر مجبور ..

پچھلے ہفتے پولینڈ کی دو ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ  کو عالمی خبروں میں  جگہ مل گئی۔ یہ شہرت فٹ بال کے کھیل کے معیار کی وجہ سے نہیں تھی بلکہ یہ خبریں تو میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین  کو درپیش حالات کے باعث  بنی تھیں۔
گزشتہ دنوں سامنے آنے والی تصاویرمیں میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کو ایک بڑے پنجرے میں کھڑے ہو کر میچ دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

کچھ میڈیا آؤٹ لٹس نے اسے انسانی چڑیا گھر کا بھی نام دیا ہے۔
پچھلے ہفتے ہوتنیک کراکو اور سپارتاکوس دالیسزیسی کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں ہوتنیک کراکو کے تقریباً 100 شائقین نے پورے 90 منٹ تک لوہے کے ایک بڑے پنجرے میں کھڑے ہو کر میچ دیکھا۔
پولش قوانین کے مطابق غیر مقامی ٹیم کے حمایتیوں کو مقامی ٹیم کے حمایتیوں سے الگ رکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے دونوں ٹیموں کے حمایتی میدان کے دو کونوں یا آہنی باڑ کے اطراف میں موجود ہوتے ہیں۔ تاہم سپارتاکوس دالیسزیسی اُن بہت سی ٹیموں میں سے ایک ہے جو اپنے سٹیڈیم میں مخالف ٹیم کے حمایتیوں کو لوہے کے پنجرے میں بند رکھتی ہے۔
اس سٹیڈیم میں پنجرہ نما یہ سٹرکچر کئی سالوں سے موجود ہے لیکن حالیہ دنوں میں  اس کی تصاویر وائرل ہوئیں ہیں۔


ان تصاویر کے وائرل ہونے پر ہوتنیک کراکو کے صدر ارتر تریباکز نے پولش فٹ بال ایسوسی ایشن کی سیکورٹی کمیٹی کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے سپارتاکوس دالیسزیسی کی طرف سے اپنے حمایتیوں سے سلوک کو جانوروں سے کیا جانے والا سلوک قرار دیا ہے۔ اس پر سپارتاکوس دالیسزیسی کے ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پنجرہ پولیس اور پولش فٹ بال ایسوسی ایشن کی سیفٹی کمیٹی کی ہدایات کے مطابق بنایا گیا ہے۔
سپارتاکوس دالیسزیسی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کو تمام سہولیات دیتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے پنجرے دوسرے شہروں کے سٹیڈیمز میں بھی عرصہ دراز سے موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :