جے ایف 17 تھنڈر نے انڈین طیارے کو گرایا، ایکشن کی فوٹیج موجود ہے، ترجمان پاک فوج

پاکستان بھارت کے ساتھ ثالثی کیلئے روسی کردارکو خوش آمدید کہے گا، افغان امن عمل میں بھی روسی کردارکو سراہتے ہیں، میجر جنرل آصف غفور کی غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 25 مارچ 2019 09:54

جے ایف 17 تھنڈر نے انڈین طیارے کو گرایا، ایکشن کی فوٹیج موجود ہے، ترجمان ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2019ء) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کیلئے پوری فضائیہ حرکت میں تھی، جے ایف 17 تھنڈر نے انڈین طیارے کو گرایا، ایکشن کی فوٹیج موجود ہے، ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفورنے غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویودیتے ہوئے کہا کہ بھارتی طیاروں نے 26 فروری کوفضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پے لوڈ پھینکے، اپنی فضائی حدود میں رہتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں 4 اہداف کونشانہ بنایا، 27 فروری کوپاکستان نےعام آبادی کونشانہ بنائے بغیرجوابی کارروائی کا فیصلہ کیا، بھارتیوں کوبتانا چاہتے تھے کہ ان کے فوجی اہداف کونشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان نے نشانہ بنانے کیلیے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جہاں انفرااسٹرکچر اورآبادی نہیں تھی، کہا جاسکتا ہے کہ یہ ہتھیار حقیقی جنگ روکنے اورسیاسی راستہ اختیارکرنے کیلیے ہیں، بھارتی طیارہ گرانے کیلئے ایف 16 طیارہ استعمال نہیں بلکہ پاکستان میں تیارکردہ جے ایف 17 تھنڈراستعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ہمارے سارے طیارے فضا میں تھے جس کی وڈیو موجود ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ ثالثی کیلئے روسی کردارکو خوش آمدید کہے گا، افغان امن عمل میں بھی روسی کردارکو سراہتے ہیں اورروس کے ساتھ ایوی ایشن، فضائی دفاعی نظام، ٹینک شکن نظام پرمذاکرات جاری ہیں۔میجرجنرل آصف غفورنے کہا کہ پاکستان کا تحفظ اولین ترجیح ہے اورسمجھ بوجھ رکھنے والا کوئی بھی ملک ایٹمی ہتھیاراستعمال کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ جوہری ہتھیاروں کےعدم پھیلاؤ کیلیے اقدامات کریں گے، شرط ہے کہ بھارت بھی ایسا کرے جب کہ پاکستان کے ہاتھ باندھ کر بھارت کو کھلا نہیں چھوڑا جاسکتا، دونوں کو یکساں دیکھا جانا چاہیے۔