فیصل آباد میں 7 سالہ بچے نے ماں پر گولی چلا دی

گولی لگنے سے 27 سالہ خاتون جاں بحق، بچہ پستول کو کھلونا سمجھ کر کھیل رہا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 25 مارچ 2019 10:20

فیصل آباد میں 7 سالہ بچے نے ماں پر گولی چلا دی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2019ء) فیصل آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ماں کی موت کا سبب اس کا اپنا 7 سالہ بیٹا بن گیا۔،میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد میں 7 سالہ بچے اذہان نے پستول سے ماں پر گولی چلا دی۔بچہ پستول کو کھلونا سمجھ کر کھیل رہا تھا۔گولی لگنے سے 27 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ جھنگ بازار میں پیش آیا جب کہ لاش اپنی تحویل میں لے لی گئی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔جب پستول صاف کرتے ہوئے لوگ گولی کا نشانہ بن جاتے ہیں۔جب کہ اکثر اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ بچے کھلونا سمجھ کر پستول سے کھیل رہے ہوتے ہیں کہ گولی چل جاتی ہے۔ایسا ہی ایک واقعہ آزاد کشمیر میں بھی پیش آیا تھا،آزاد کشمیر کے شہر پلندری میں کھیلکھیل میں 2سگی بہنوں کی جان چلی گئی، بچے اصلی پستول کو کھلونا پستول سمجھ کر کھیل رہے تھے کہ گولی چل گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پلندری کے علاقے نمب گوارہ میں 8 سال کا بچہ حماد اپنے پڑوس میں بچیوں کیساتھ کھیلنے ان کے گھر آیا تھا، جہاں صحن میں پستول رکھی ہوئی تھی۔بچے کھلونا سمجھ کر پستول سے کھیلنے لگے کہ اس دوران گولی چل گئی ،جس کی زد میں آکر 6 سالہ ایمن موقع پر دم توڑ گئی۔دوسری جانب ایمن کی 4 سالہ بہن نور گولی لگنے سے زخمی ہوئی، جو اسپتال کے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی۔

واقعے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی بھی کی تھی۔واضح رہے دو سال قبل محکمہ داخلہ حکومت سندھ کی جانب سے کھلونا پستول پردو ماہ کے لیے پابندی عائدکی گئی تھی۔ق کراچی، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت سندھ بھر میں کھلونا پستول کی خرید و فروخت پر پابندی دفعہ 144 کی تحت لگائی گئی تھی۔