نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کرائسٹ چرچ واقعے کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان

لوگ پوچھ رہے ہیں کہ حملہ کیسے ہوا؟ حملے پر سوشل میڈیا اور ایجنسیوں کا کردار کیا تھا۔ جسینڈا آرڈرن کا کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 25 مارچ 2019 10:29

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کرائسٹ چرچ واقعے کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن ..
نیوزی لینڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2019ء) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے کرائسٹ چرچ واقعے کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ حملہ کیسے ہوا؟ حملے پر سوشل میڈیا اور ایجنسیوں کا کردار کیا تھا۔

انہوں نے واقعے کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔جسینڈا نے کہا کہ سانحے کی تحقیقات کے لیے نیوزی لینڈ کے قانون کے تحت سب سے طاقتور رائل کمیشن کرے گا جو اس بات کی تحقیقات کرے گا کہ آیا خفیہ ادارے اور پولیس حکام 15 مارچ کو ہونے والے اس حملے کو روک سکتے تھے یا نہیں۔ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ کس طرح ایک شخص حملے میں 50 افراد کو قتل کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ انتہائی اہم ہے کہ ہم یہ جاننے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑیں کہ دہشت کردی کا واقعہ کس طرح رونما ہوا اور ہم اسے کس طرح روک سکتے تھے۔حملے کے بعد سے نیوزی لینڈ کے خفیہ اداروں کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہلیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔نیوزی لینڈ ایسی ریاست نہیں جس میں ہر وقت نگرانی کی جاتی ہو لیکن ہمیں ہر حال میں سوالات کا جواب دینا ہو گا۔

نیوزی لینڈ کئ عوام اور دنیا بھر کے مسلمان متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں لیکن ساتھ ساتھ یہ وہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ دہشت گرد حملہ یہاں کیسے ممکن ہوا۔یاد رہے کہ 15مارچ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے جنوبی جزیرے پہ موجود النور مسجد میں ایک سفید فام شخص داخل ہوا اور اندھا دھنفائرنگ کر دی جس سے50 نمازی شہید ہو گئے اور کئی زخمی بھی ہوئے۔ بھارت کے علاوہ پوری دنیا نے اس واقع کی مذمت کی اور نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا انڈرسن نے شہداءکے اہلِ خانہ سے مل کر اظہارِ ہمدردی کیا اور پوری دنیا میں شہداءکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ پیرس میں بھی پیرس کی شان ایفل ٹاور کی بتیاں بجھا کر مسلمان شہداءکو خراج ِتحسین پیش کیا گیا۔