قائم علی شاہ نے ضمانت قبل ازگرفتاری کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

27 مارچ کو نیب نے طلب کر رکھا ہے، اس موقع پر گرفتاری کا خدشہ ہے. درخواست میں موقف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 مارچ 2019 11:59

قائم علی شاہ نے ضمانت قبل ازگرفتاری کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مارچ۔2019ء) سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قائم علی شاہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست دائر کردی ہے. عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں قائم علی شاہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نیب کو گرفتاری سے روکے انہوں نے مزید کہا ہے کہ 27 مارچ کو نیب نے مجھے طلب کر رکھا ہے، اس موقع پر مجھے اپنی گرفتاری کا خدشہ ہے.

قائم علی شاہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں چیئرمین اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا ہے. دوسری جانب موجودہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ جعلی اکاﺅنٹس کیس تحقیقات کیلئے آج نیب کے روبروپیش ہوں گے.

(جاری ہے)

جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں ایک اور بڑی پیشی ہوگی،جہاں نیب راولپنڈی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیش ہوں گے. تحریری سوال نامہ بھی دیا جائے گا، مرادعلی شاہ کا بیان ڈی جی نیب عرفان منگی خود ریکارڈ کریں گے،دریں اثنا ڈی جی نیب نے انتظامیہ کو سیکورٹی سخت کرنے کی درخواست کی ہے.

قومی احتساب بیورو(نیب)راولپنڈی نے مراد علی شاہ کوٹھٹھہ اوردادو شوگر ملزکیس میں ریکارڈ سمیت طلب کررکھا ہے. یاد رہے کہ نیب راولپنڈی نے 20 مارچ کو وزیراعلیٰ سندھ کی طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا،ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو سکرنڈ،کھوسکی،دادو، ٹھٹھہ، پنگریو شوگرملز کو سبسڈی دیئے جانے کے معاملے پر طلب کیا گیا. ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اومنی گروپ کی شوگر ملز کو اربوں روپے کی سبسڈی دی جس کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا. قومی احتساب بیورو شوگر ملز کو دی جانے والی سبسڈی کے معاملے پر بھی تحقیقات کررہا ہے جس کے دوران بہت سی اہم باتیں سامنے آئیں.