ٹرمپ نے روس کے ساتھ مل کر سازش نہیں کی،رابرٹ ملر رپورٹ کا خلاصہ پیش

ٹرمپ نے غیر قانونی طور پر انصاف کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی اور نہ ہی انہیں بے گناہ قرار دیاجاسکتاہے،رپورٹ

پیر 25 مارچ 2019 12:38

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں خصوصی مشیر رابرٹ ملر کی جانب سے امریکی کانگرس میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے خلاصے میں کہاگیا ہے کہ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں روس کے ساتھ سازش نہیں کی گئی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس رپورٹ کے خلاصے میں کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ نے غیر قانونی طور پر انصاف کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی اور نہ ہی اس میں صدر کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔

اٹارنی جنرل ولیم بار نے اس رپورٹ کا خلاصہ کانگرس کے لیے تیار کیا ۔بار کی جانب سے لکھے گئے خلاصے میں انکوائری میں روس کے امریکہ کے صدراتی انتخاب پر اثر انداز ہونے کے حوالے سے ملنے والے نتائج کا احاطہ کیا گیا ،خلاصے کے مطابق سپیشل مشیر کو ٹرمپ کی صدارتی مہم یا کسی بھی امریکی شخ?ص کے روس کے ساتھ سازش کرنے یا رابطہ کرنے کے بارے میں نہیں معلوم ہوا۔

(جاری ہے)

بار کا کہنا تھا کہ اس بارے میں کافی شواہد نہیں ملے کہ صدر ٹرمپ نے انصاف کے حصول کی راہ میں رکاوٹ ڈالی۔رپورٹ کے خلاصے کے آخر میں بار نے لکھا کہ وہ اس بارے میں اور بھی معلومات جاری کریں گے تاہم کچھ مواد ایسا ہے جس پر پابندی ہے۔ادھراس رپورٹ کے خلاصے کے سامنے آنے کے بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کوئی نتیجہ نہیں، کوئی رکاوٹ نہیں، میں مکمل طور پر بری الذمہ ہوں۔ امریکہ کی عظمت کو قائم رکھیں۔انہوں نے کہاکہ کہ یہ شرمناک ہے کہ ملک کو اس سب سے گزرنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ یہ تفتیش غیر قانونی تھی جو ناکام ہو گئی۔