تھائی لینڈ : عام انتخابات کے غیر حتمی نتائج ‘فوج کی حمایت یافتہ پارٹی سب سے آگے

350 امیدواروں اور 150 ارکان کو خصوصی نشستوں پراراکین کو منتخب کیا جائے گا جو سینیٹ 250 ارکان سے مل کر ملک کے نئے وزیر اعظم کو منتخب کریں گے. رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 مارچ 2019 12:54

تھائی لینڈ : عام انتخابات کے غیر حتمی نتائج ‘فوج کی حمایت یافتہ پارٹی ..
بنکاک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مارچ۔2019ء) سیاحت اور تفریح کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے متعدد جزائر پر مشتمل ملک تھائی لینڈ میں گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ پارٹی سب سے آگے ہے. تھائی لینڈ میں 2014 میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد 24 مارچ کو انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی تھی‘انتخابات میں 5 کروڑ سے زائد افراد نے اپنا حق رائی دہی استعمال کیا.

انتخابات کے ذریعے عوام ایوان زیریں کے 350 امیدواروں کا انتخاب کرے گا جب کہ 150 ارکان کو خصوصی نشستوں پر منتخب کیا جائے گا جو سینیٹ 250 ارکان سے مل کر ملک کے نئے وزیر اعظم کو منتخب کریں گے.

(جاری ہے)

اس بار انتخابات میں وزیر اعظم کے لیے پہلی بار مخنث خاتون سمیت سابق وزیر اعظم اور اقتدار پر قبضہ کرنے والے پریوتھ چینوچا سمیت 60 امیدوار مد مقابل ہیں‘تاہم اب تک کے آنے والے نتائج کے مطابق پریوتھ چینوچا اگلے 5 سال کے لیے وزیر اعظم منتخب ہوجائیں گے.

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق 93 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی تھی، جن کے نتائج کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ پارٹی پلنگ پرچارتھ پارٹی سب سے آگے ہے. الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک کی ہونے والی گنتی کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ پارٹی پی پی پی 76 لاکھ ووٹوں کے ساتھ سرفہرست ہے‘دوسرے نمبر پر سابق وزیراعظم تھاکسن شینا واترا کی جماعت تھائی رک تھائی کی سربراہی میں بننے والا سیاسی اتحاد ہے 72 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے.

حیران کن طور پر تیسری جماعت جو نوجوانوں میں بہت مقبول سمجھی جا رہی ہے وہ دیگر پرانی سیاسی جماعتوں سے ووٹوں میں آگے اور اب تک وہ 50 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے‘رپورٹ کے مطابق انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آﺅٹ66 فیصد سے زیادہ رہا اور 20 لاکھ سے زائد ووٹ خارج کیے گئے. الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز کا ٹرن آﺅٹ توقعات سے کافی کم رہا‘اگرچہ اب تک الیکشن کمیشن نے حتمی نتائج جاری نہیں کیے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فوج کی حمایت یافتہ پارٹی پی پی پی حکومت بنانے میں کامیاب جائے گی.

تجزیہ کاروں کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ پارٹی کی مخالف پارٹی تھائی رک تھائی پارٹی کا اتحاد زیادہ سے زیادہ 120 سیٹیں جیتنے میں کامیاب جائے گا‘جبکہ فوج کی حمایت یافتہ پارٹی 150 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے. فوج کی حمایت یافتہ پارٹی کو سینیٹ میں پہلے ہی برتری حاصل ہے اور 250 ارکان میں سے زیادہ تر ارکان پریوتھ چینوچا کے حمایتی ہیں، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ایک بار پھر اگلے 5 سال تک تھائی لینڈ کے وزیر اعظم منتخب ہو جائیں گے.