Live Updates

وزیراعظم عمران خان 29مارچ کو کراچی پہنچیں گے ، کراچی پیکیج کا اعلان کریں گے

اعلی سطح اجلاس کی صدارت،حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اور30مارچ کوگھوٹکی میں سردار علی گوہر مہرکے استقبالیہ میں شرکت کریں گے

پیر 25 مارچ 2019 13:35

وزیراعظم عمران خان 29مارچ کو کراچی پہنچیں گے ، کراچی پیکیج کا اعلان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) وزیراعظم عمران خان 29 مارچ کو کراچی پہنچیں گے، دورے میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت اور کراچی پیکج کا اعلان کریں گے جبکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 29مارچ کو کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ اعلی سطح اجلاس کی صدارت کریں گے ، جس میں امن و امان کی صورتحال پرغور کیاجائے گا۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں وزیراعظم کو کراچی میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ عمران خان کراچی پیکج کا اعلان کریں گے ۔وزیر اعظم باغ ابن قاسم توسیعی منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے، بعد ازاں وزیراعظم30مارچ کو ہی گھوٹکی کے لئے روانہ ہوجائیں گے، وزیر اعظم کی زیر صدارت سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس 30مارچ کو گھوٹکی میں ہوگا۔

(جاری ہے)

گھوٹکی میں سردار علی گوہر مہر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، اس موقع پر وزیراعظم سندھ کی اہم شخصیات سے صوبے کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔وزیراعظم اپنے دورے کے دوران حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کو وزیرِ اعظم عمران خان نے اعلی سطح اجلاس میں کراچی کے مسائل پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا تھا کراچی کی بڑھتی آبادی اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانا ضروری ہے۔

اجلاس میں گرین لائن منصوبے پر پیش رفت اور اس کی فعالیت کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور کراچی پیکج کے تحت دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا تھا۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا بڑے شہروں کے منصوبوں میں ماحولیات کے عنصر کو مدِ نظر رکھا جائے، اس کے لیے لانگ ٹرم منصوبہ بندی ضروری ہے، تاکہ گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات