تھرکول منصوبہ بجلی کی پیداوارسے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا‘میاں خرم الیاس

تھر میں موجود کوئلے کے وسیع ترین ذخائر کو استعمال میں لاکر ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کی جائیں توانائی بحران کے خاتمہ سے صنعتی ترقی کا ویژن پور اور ملک خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا‘چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

پیر 25 مارچ 2019 13:35

تھرکول منصوبہ بجلی کی پیداوارسے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا‘میاں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار تھر کے کوئلے سے بجلی کی 330میگا واٹ پیداوار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھرکول منصوبہ بجلی کی پیداوار سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا ،اینگرو پاور جین تھر لمٹیڈ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے میں کامیابی حاصل کرکے اس بجلی کو نیشنل گرڈ میںشامل کردی جس سے قوم کا تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا خواب پورا ہوگیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تھر میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے کے بعد تھر میں موجود کوئلے کے وسیع ترین ذخائر کو استعمال میں لاکر ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کی جائیں تاکہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو اور ملک اندھیروںسے روشنیوں کی طرف اپنا سفر شروع کرسکے ۔

میاں خرم الیاس نے کہا کہ اینگرو انرجی لمٹیڈ کی ملکیتی کمپنی اینگرو پاور جین تھر لمٹیڈ کے تھر بلاکIIمیں660میگا واٹ پاور پلانٹ کے 330میگا واٹ کے یونٹ نے کام کرنا شروع کردیا ہے تھر میں175ارب ٹن کوئلے کے ذخائر نے ملک کے انرجی کے منظرنامے کو یکسر تبدیل کردیا ہے جو پاکستان میں توانائی کے مستقبل کو محفوظ بناتے ہوئے بجلی کی پیداوار کیلئے غیر ملکی ایندھن پر پاکستان کے انحصار کو ختم کردے گا جس سے ملک میں سستی بجلی کا حصول ممکن ہوگا اورانرجی کے حصول کے لیے پٹرولیم کی درآمدات کے سلسلہ میںاربوں ڈالرکی سالانہ بچت بھی ہوگا اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی بھی ممکن ہوسکے گی جو صنعت و تجارت کیلئے انتہائی ضروری ہے۔