نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اسلام قبول کرنے کی دعوت کا جواب دے دیا

اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور میرا خیال ہے میں نے وہی کیا۔ وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کا جواب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 25 مارچ 2019 13:32

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اسلام قبول کرنے کی دعوت کا جواب دے دیا
نیوزی لینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2019ء) ایک مسلمان نوجوان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن سے ملاقات کے دوران گفتگو کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ جسینڈا آرڈن کو اسلام کی دعوت دیتے ہیں۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اسلام قبول کرنے کی دعوت دینے والے مسلم نوجوان کو کہا کہ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور میرا خیال ہے میں نے وہی کیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں  15 مارچ کو  مساجد پر ہونے والے حملے کے بعد سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے جس انداز میں نیوزی لینڈ کے مسلمانوں کا ساتھ دیا، ان سے ہمدردی دکھائی اور سفید فام دہشت گردوں کیخلاف آواز اٹھائی، اپنے اس طرز عمل سے جسینڈا دنیا بھر کے لوگوں خاص کر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی ہیرو بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے ایک مسلمان نوجوان نے جسینڈا آرڈرن سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کی دوران ہونے والی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دوران ملاقات نوجوان نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ دعا ہے ایک دن آپ مسلمان ہو جائیں۔ نوجوان کہتا ہے کہ میں 3 دن سے مسلسل رو رہا ہوں اور بس ایک ہی دعا کر رہا ہوں کہ ایک دن آپ بھی مسلمان ہو جائیں۔

آپ ایک بے مثال شخصیت کی مالک خاتون ہیں۔ خواہش ہے کہ دنیا کے تمام لیڈر آپ جیسے ہو جائیں۔ نوجوان کی خواہش سن کر جسینڈا آرڈرن مسکرا دیں اور نوجوان کو تھپکی بھی دی۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اسلام قبول کرنے کی دعوت دینے والے مسلم نوجوان کو کہا کہ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور میرا خیال ہے میں نے وہی کیا۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہورہی ہے۔