شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کے خارجہ تعلقات کی سربراہ کی ملاقات ،دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار

دونوں ممالک کا تجارت، سرمایہ کاری، دیرپا ترقی، توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ اسٹریٹیجک شراکت داری پر اتفاق

پیر 25 مارچ 2019 14:29

شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کے خارجہ تعلقات کی سربراہ کی ملاقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) پاکستا ن اور یورپی یونین نے موجودہ دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، دیرپا ترقی، توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ اسٹریٹیجک شراکت داری پر اتفاق کیا ہے ۔ پیر کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سیکورٹی پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی کا خیر مقدم کیا ۔

پیر کو یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سیکورٹی پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی کی وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ پہنچیں ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔یورپی یونین وفد کی قیادت امور خارجہ کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

مذاکرات میں کثیر اجہتی دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین موجودہ دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔فریقین کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، دیرپا ترقی، توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ اسٹریٹیجک شراکت داری پر اتفاق کیا ۔فیڈ ریکا موگیرینی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری استحکام اور حکومت کا اصلاحاتی ایجنڈا قابل تحسین ہے ۔یورپین یونین کی طرف سے غربت کے خاتمے، صحت، تعلیم، تجارت، توانائی، ماحولیات اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کا عندیہ دیا گیا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے یورپی یونین وفد کو آگاہ کیا۔فیڈ ریکا موگیرینی نے کہا کہ یورپی یونین، افغان عمل امن میں پاکستان کے موثر کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔وزیر خارجہ نے کہ اکہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنی مشترکہ ذمہ داری نبھاتا رہیگا ۔