اسد قیصر کی سر دار مسعود خان کی ملاقات ،

موجودہ صورت حال،علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کشمیر میں ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں، پلوامہ حملہ مقبوضہ وادی میں بھارت کی جارحیت پر مبنی پالیسیوں کا نتیجہ ہے،اسد قیصر بھارت اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے اور وہاں پر جاری نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت فوری بند کرے، سر دار مسعود خان

پیر 25 مارچ 2019 14:29

اسد قیصر کی سر دار مسعود خان کی ملاقات ،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال،علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسد قیصر نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کبھی اس سے غافل نہیں ہو سکتا۔

انہوںنے کہاکہ پلوامہ حملہ مقبوضہ وادی میں بھارت کی جارحیت پر مبنی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام اور حکومت کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی رکھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیری عوام کے قتلِ عام کا نوٹس لے۔

سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہنبھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت اور انہیں آزادی سے جینے کا موقع دینا چاہیے۔اسد قیصر نے کہا کہ مودی سرکار انتخابات سے قبل لائن آف کنٹرول پر جان بوجھ کر حالات خراب کرنا چاہتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان بھارت کی طرف سے حریت رہنماوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتا ہے۔ آزاد کشمیر کے صدر نے کہاکہ آزاد کشمیر کی عوام پوری طرح مقبوضہ وادی کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ ہونے والے ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔سردار مسعود خان نے کہاکہ کشمیر کی عوام کی منزل پاکستان ہے اور پاکستان ہی رہے گی۔انہوںنے کہاکہ بھارت اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے اور وہاں پر جاری نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت فوری بند کرے۔انہوںنے کہاکہ ملک کی سالمیت اور بقا کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔