شارجہ: بہنوئی نے سالی کو ہزاروں درہم کا چُونا لگا دیا

ملزم نے سالی کے نام پر گاڑی رجسٹر کروائی، جس پر جرمانوں کی رقم 95 ہزار درہم تک پہنچ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 25 مارچ 2019 14:12

شارجہ: بہنوئی نے سالی کو ہزاروں درہم کا چُونا لگا دیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2019ء) شارجہ میں مقیم ایک خلیجی خاتون پر اُس وقت حیرت کا آسمان ٹُوٹ پڑا جب اُسے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر 95 ہزار درہم جرمانے کی عدم ادائیگی کا ٹیکسٹ میسج موصول ہوا۔ حالانکہ خاتون ان ٹریفک خلاف ورزیوں کی کبھی مُرتکب نہیں ہوئی تھی۔ ایک اماراتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق خاتون ان بلاجواز خلاف ورزیوں کی رقم دیکھ کر صدمے سے دوچار ہو گئی۔

اُس نے اسے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی غلطی سمجھ کر جب متعلقہ حکام سے رجوع کیا تو اُسے پتا چلا کہ اُس کے نام پر عائد ہونے والے جرمانے بلاجواز نہیں تھے، کیونکہ اُس کے بہنوئی نے بغیر بتائے اپنی ایک گاڑی سالی کے نام پر رجسٹر کروا لی تھی۔ اس گاڑی پر مختلف وقتوں میں ٹریفک جرمانے عائد ہوتے رہے، جن سے خاتون بے خبر رہی۔

(جاری ہے)

تاہم خاتون اپنے بہنوئی کی اس گھٹیا حرکت پر تلملا اُٹھی اور اُس کے خلاف کریمنل کورٹ میں دھوکا دہی کا مقدمہ درج کروا دیا۔

خاتون نے مطالبہ کیا کہ اُس کے نام پر درج ٹریفک خلاف ورزیاں منسوخ کر دی جائیں یا پھر اُس کے بہنوئی کو ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کا حکم دِیا جائے کیونکہ یہ ساری خلاف ورزیاں اُسی کی جانب سے کی گئی ہیں۔ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ اُس کے بہنوئی نے اُس کی اجازت کے بغیر اُس کے نام سے گاڑی کی رجسٹریشن کروائی تھی۔ خاتون نے کوشش کی کہ جرمانوں کا معاملہ آپس میں بیٹھ کر صلح صفائی سے حل کر لیا جائے، تاہم بہنوئی کی ہٹ دھرمی کے باعث وہ یہ معاملہ عدالت کے رُوبرو لانے پر مجبور ہو گئی۔

دُوسری جانب ملزم نے اپنے خلاف عائد الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ اُس نے اپنے دفاع میں ایک رسید پیش کی جس میں ظاہر کیا گیاتھا کہ گاڑی خاتون کے نام پر ہی درج تھی، اُس کا ان جرمانوں سے کوئی سروکار نہیں ہے۔بہنوئی اور سالی کے درمیان تنازعے سے متعلق اگلی سماعت 8 اپریل 2019ء کو ہو گی۔