خاتون کو غیر اخلاقی واٹس ایپ پیغامات بھیجنے والا پولیس کے نرغے میں آ گیا

ملزم نے خاتون سے رابطے بڑھا کر اُسے جسم فروشی کی پیش کش کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 25 مارچ 2019 14:44

خاتون کو غیر اخلاقی واٹس ایپ پیغامات بھیجنے والا پولیس کے نرغے میں ..
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2019ء) پولیس نے کار رینٹل آفس میں ملازمت کرنے والے شخص کو خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ استغاثہ نے ملزم پر خاتون کو جسم فروشی کی پیش کش کے الزامات عائد کیے ہیں۔استغاثہ کے مطابق مُدعی خاتون ایک کار کرائے پر حاصل کرنے کی غرض سے کار رینٹل آفس میں گئی تھی۔ جہاں اُس کی ملاقات ملزم سے ہوئی۔

کچھ روز بعد خاتون یہ دیکھ کر حیران ہو گئی کہ کار رینٹل کے ملازم نے اُسے واٹس ایپ پر رابطہ کیا اور اُسے پیغامات بھیجنے شروع کر دیئے۔ شروع شروع میں ملازم کے پیغامات بہت شائستہ تھے جن میں فقط خاتون کی شخصیت اور خوبصورتی کی تعریفیں کی گئی تھیں، جس پر خاتون نے اُس کے پیغامات کا بُرا نہ مانا اور اُسے ایک مہذب اور سُلجھا ہوا انسان خیال کرنے لگی۔

(جاری ہے)

تاہم ایک روز ملزم نے ایسا پیغام کیا کہ خاتون شدید حیران ہی نہیں بلکہ خوف زدہ بھی ہو گئی۔ ملزم نے اپنے واٹس ایپ پیغام میں خاتون کو پیش کش کی تھی کہ اُس کے چند قابلِ اعتماد لوگ ہیں، جو خاتون کو جسم فروشی کی صورت میں معقول رقم دیں گے۔ جبکہ ملزم خود گاہکوں اور خاتون کے درمیان دلال کا کام کرے گا اور اس معاملے میں مکمل رازداری برتی جائے گی۔یہ شرم ناک پیغام پڑھ کر خاتون کا اشتعال ساتویں آسمان پر پہنچ گیا۔ اُس نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا اور ملزم کے غیر اخلاقی پیغامات سے آگاہ کیا۔ استغاثہ کی جانب سے ان واٹس ایپ پیغامات کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا۔ 31مارچ 2019ء کو اگلی سماعت پر مقدمے کا فیصلہ سُنایا جائے گا۔