بلاول بھٹو آج کراچی سے لاڑکانہ تک ٹرین مارچ کا آغاز کریں گے‘سینیٹر مولا بخش چانڈیو

بے ساکھیوں پر کھڑی حکومت چیئرمن بلاول بھٹو کی ایک للکار کی برداشت نہیں کر پائیگی‘سیکرٹری اطلاعات

پیر 25 مارچ 2019 16:29

بلاول بھٹو آج کراچی سے لاڑکانہ تک ٹرین مارچ کا آغاز کریں گے‘سینیٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری آج (منگل ) کراچی سے لاڑکانہ تک ٹرین مارچ کا آغاز کریں گے، بے ساکھیوں پر کھڑی حکومت چیئرمن بلاول بھٹو کی ایک للکار کی برداشت نہیں کر پائے گی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نیب اسلام آباد کے سامنے جیالوں کی ایک مزاحمتی جھلک نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں، وزیراعلی سندھ کی نیب آمد پر ہزاروں پولیس اور رینجرز اہلکارو تعینات کئے گئے، بلا وجہ اسلا آباد کو سیل کر دینا حکومت پر جیالوں کے طاری خوف کی علامت ہے،خوفزدہ حکمرانوں کی کراچی سے لاڑکانہ تک کارروان بھٹو مزید نیندیں اڑائے گا۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ چیئرمن بلاول بھٹو ٹرین میں سفر کر کے اپنی والدہ اور نانا شہید کی جھلک دکھائیں گے، جس بھٹو سے یہ سلیکٹڈ ، کٹھ پتلی، بونے سیاستدان اور ان کے حواری ڈرتے ہیں وہی بھٹو عوام میں چکا ہے، سیاسی میدان میں مقابلہ نہ کرنے والے خان صاحب اداروں کے پیچھے چھپ کر وار کر رہے ہیں، نیب میں ہماری قیادت اور سندھ حکومت کی طلبیاں خان صاحب کی اسی خوف کا ثبوت ہیں،ہم وہ ہیں جو نیب کی طلبی پر بھی آتے ہیں تو ایوان لرز جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خان صاحب اگر ہمارے قائد بلاول بھٹو اقتدار کے ایوانوں کی طرف بڑھے تو آپ کا حال کیا ہوگا، ہم آج بھی کہتے ہمیں مت للکاریں پلٹ کر جواب دیا چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔