Live Updates

حکومت پر جیالوں کا خوف طاری ہو چکا ،وزیر اعلیٰ سندھ کی نیب آمد پر لاک ڈائون کر دیا گیا ‘ترجمان بلاول بھٹو

مراد علی شاہ تو ایک گاڑی میں آئے تو اتنی سکیورٹی کیوں لگائی گئی حکومت بتائے بلا وجہ تعینات کی گئیں فورسز پر ٹیکس کا کتنا پیسہ لگا

پیر 25 مارچ 2019 16:51

حکومت پر جیالوں کا خوف طاری ہو چکا ،وزیر اعلیٰ سندھ کی نیب آمد پر لاک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پر جیالوں کا خوف طاری ہو چکا ہے، تحریک انصاف حکومت نے جیالوں کے خوف سے اسلام آباد میں لاک ڈائون کر دیا، وزیراعلی سندھ کی نیب آمد کے موقع پر کارکنوں کو جمع ہونے کی کال ہی نہیں دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جیالے تو اپنے معمول کے کاموں پر تھے اور خوفزدہ حکومت نے پورا شہر سیل کر دیا، کوئی کال ہی نہیں تھی تو پھر کیوں شہر شاہراہیں جگہ جگہ بند کی گئیں، کیوں پولیس اور رینجرز کو تعنیات کر کے عام شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی گئی، حکومت بتائے کہ آج بلا وجہ تعینات کی گئیں فورسز پر ٹیکس کا کتنا پیسہ لگا۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کو 26 مارچ کو طلب کیا گیا وہ درخواست کر کے آج آئے، مراد علی شاہ تو ایک گاڑی میں آئے تو اتنی سکیورٹی کیوں لگائی گئی ،جیالوں کے نہ آنے کی رپورٹس کے باوجود فورسز کی تعیناتی حکومتی خوف کی علامت ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات