راشد لطیف نے محمد عامر کو”کھڈے لائن‘ ‘ لگانے کی تجویز دیدی

ملک میں محمد عامر کے متبادل باﺅلرز کی کمی نہیں:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 25 مارچ 2019 16:48

راشد لطیف نے محمد عامر کو”کھڈے لائن‘ ‘ لگانے کی تجویز دیدی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مارچ 2019ء) سابق قومی کپتان اور اپنے دور کے بہترین وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ملک میں محمد عامر کے متبادل بہترین باﺅلرز کی کوئی کمی نہیں جن کو قومی ٹیم میں منتخب ہی نہیں کرنا چاہئے تھا۔انہوں نے بائیں ہاتھ کے پیسر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب پہلے جیسے قاتلانہ باﺅلر نہیں رہے اور ان کی حالیہ کارکردگی معیار سے کہیں کمتر ہے جس کی وجہ سے وہ چیمپئنز ٹرافی2017ءکے بعد اپنی بہترین فارم میں نظر نہیں آسکے۔

راشد لطیف کا کہنا تھا کہ 26 سالہ فاسٹ باﺅلر کی بال سوئنگ کرنے کی اہلیت ناپید ہو چکی جو ان کے انٹرنیشنل کرکٹ میں زوال کی سب سے بڑی وجہ بھی ہے لہٰذا انہیں جنوبی افریقہ کے دورے پر ٹیم میں منتخب ہی نہیں کرنا چاہئے تھا جہاں وہ بطور باﺅلر بری طرح فلاپ ہو گئے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ملک میں لاتعداد ایسے نوجوان فاسٹ باﺅلر موجود ہیں جو جدوجہد میں مبتلا محمد عامر کا بہترین متبادل ثابت ہو سکتے ہیں اور اگر بائیں ہاتھ کے پیسر نے جلد ہی ڈومیسٹک کرکٹ میں محنت کرکے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش نہ کی تو ان کی گیندوں سے سوئنگ کے بعد رفتار بھی ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ نوجوان پیسر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جا کر اپنے پیس اور سوئنگ پر کام کرنا چاہئے کیونکہ انہیں اس کی اشد ضرورت ہے اور اگر وہ اس بارے میں غور نہیں کرتے تو پھر پاکستان میں ایسے باﺅلرز کی کمی نہیں جو ان کی جگہ باآسانی سنبھال سکتے ہیں۔ 

متعلقہ عنوان :