Live Updates

ماضی می ںروٹی کپڑا اور مکان اور آشیانہ ہائوسنگ سکیم کو بطور سلوگن استعمال کیاگیا‘میاں محمودالرشید

پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو معیاری وکم لاگت رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے سنجیدہ کوششوں کا آغاز کیا ہے‘صوبائی وزیر

پیر 25 مارچ 2019 17:09

ماضی می ںروٹی کپڑا اور مکان اور آشیانہ ہائوسنگ سکیم کو بطور سلوگن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ واربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کورہائشی سہولیات کی فراہمی کے نعرے کو اپنی سیاست چمکانے کے لئے تو استعمال کیا لیکن عملی طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں کیاگیا۔روٹی ،کپڑا اور مکان اور آشیانہ ہائوسنگ سکیم کو بطور سلوگن استعمال کرنے والوں نے عوام کی رہائش کا مسئلہ حل نہیں کیا۔

یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں کم لاگت گھروں کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 70سال میں پہلی بار عوام کو معیاری وکم لاگت کی رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے سنجیدہ اور عملی کوششوںکا آغاز کیا ہے اور ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

میاں محمود الرشید نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم کا بہت ڈھنڈورا پیٹا اور اربوں روپے اس کی پبلسٹی پر خرچ کر دئیے گئے لیکن عملی طور پر پورے صوبے میں ڈھائی ہزار سے زائدگھر تعمیرنہ کئے جا سکے۔

پی ٹی آئی کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ لودھراں، چشتیاں اور رینالہ خورد میں بہت جلد گھروں کی تعمیر کا آغاز ہو جائے گا اور عوام کو پلاٹ کی قیمت میںگھر فراہم کیا جائے گا۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ عام آدمی کو کم لاگت کا گھر فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور پنجاب حکومت اس ضمن میں ایک جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔بعدازاں وزیرہائوسنگ نے یونیورسٹی طلبہ کی طرف سے کم لاگت گھروںکے حوالے سے بنائے گئے ماڈلز کے سٹالز کا معائنہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات