امیر الدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی)میں جشن بہاراں فیسٹیول کا انعقاد ، پرنسپل ،اساتذہ و طلبا و طالبات شریک

وطن عزیز کو آلودگی سے پاک ماحول کی ضرورت ہے ، جاری کلین اینڈ گرین مہم کو کامیاب کرنا ہوگا ‘پرنسپل جنرل ہسپتال

پیر 25 مارچ 2019 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) امیر الدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی )میں جشن بہاراں کے سلسلے میں رنگا رنگ سپرنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا و طالبات کی بھاری تعداد کے علاوہ سینئر اور جونیئر ڈاکٹرز نے پرنسپل پروفیسر محمد طیب کی قیادت میں شرکت کی ،امیر الدین پیشنٹ ویلفیئرسوسائٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس تقریب میں فن فئیر ، کھانے کے سٹالز ، ویڈیو گیمزاور دیگر ایونٹس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب ،سوسائٹی کی سٹاف ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر فرح شفیع ، صدرسوسائٹی ڈاکٹر ملائیکا ، جنرل سیکرٹری نعمان اور میڈیکل یونٹ 2کے ڈاکٹر فیضان احمد ،ڈاکٹر عبدالقدوس،ڈاکٹر بشریٰ اور ڈاکٹر ثناء شامل تھیں ،طلبا و طالبات نے تمام تفریحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور کالج انتظامیہ کی کاوش کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے مثبت اور تعمیری اقدامات میں حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو بہتر آب و ہوا اورآلودگی سے پاک ماحول کی ضرورت ہے جس کیلئے ہمیں جاری کلین اینڈ گرین مہم کو کامیاب کرنا ہوگا اور جشن بہاراں کا اصل پیغام یہی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر آنے والی نسلوں کو اچھا ماحول فراہم کریں۔

اسی طرح صفائی ستھرائی کی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تعلیمی اداروں میں خصوصی سرگرمیاں ہونی چاہئیں ،اس موقع پر بتایا گیا کہ امیر الدین پیشنٹ ویلفئیر سوسائٹی اس سپرنگ فیسٹیول سے ہونے والی ساری آمد ن مریضوں اور اُن کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے گی ،فیسٹیول میں طلبا و طالبات نے مختلف قسم کی پرفارمنس پیش کی جس پر حاضرین نے دل کھول کر داد دی ۔

متعلقہ عنوان :