ایان علی کیس، نیب کا سینیٹررخسانہ بنگش کوشامل تفتیش کرنےکا فیصلہ

مشتاق نامی شخص نے ایان علی کے ہمراہ 45 غیرملکی دورے کیے، جس کا نام ابھی سامنے آیا ہے، مشتاق نامی شخص کی ایوان صدرمیں پروٹوکول آفیسر کی تعیناتی رخسانہ بنگش نے کروائی۔ نیب ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 مارچ 2019 16:55

ایان علی کیس، نیب کا سینیٹررخسانہ بنگش کوشامل تفتیش کرنےکا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مارچ 2019ء) نیب نے ماڈل ایان کیس میں سینیٹر رخسانہ بنگش کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا، مشتاق نامی شخص نے ایان علی کے ہمراہ 45 غیرملکی دورے کیے،مشتاق نامی شخص کی ایوان صدرمیں پروٹوکول آفیسر کی تعیناتی رخسانہ بنگش نے کروائی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے ماڈل ایان علی کے خلاف مزید گھیرا تنگ کرتے ہوئے تفتیش کا دائرہ کار بھی مزید بڑھا دیا ہے۔

نیب نے پیپلزپارٹی کی سینیٹر رخسانہ بنگش کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ رخسانہ بنگش کے لیٹر پیڈ سے ایک ایسے آفیسر کی تعیناتی ہوئی ہے ، جس نے منی لانڈرنگ میں ملوث ماڈل ایان علی کے ہمراہ 45 غیرملکی دورے کیے تھے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایان علی کے ہمراہ غیرملکی دوروں میں پیش پیش رہنے والا شخص کا نام سامنے آگیا ہے۔

(جاری ہے)

مشتاق نامی وہی شخص ہے جس کی پیپلزپارٹی کے سابق دور حکومت میں ایوان صدر میں سینیٹر رخسانہ بنگش کے لیٹر پیڈ سے پروٹوکول آفیسر تعیناتی ہوئی تھی۔

جس پر نیب نے رخسانہ بنگش کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔رخسانہ بنگش سے ایان علی اور مشتاق نامی شخص کے بارے تفتیش کی جائے گی۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ آفس نے ماڈل ایان علی کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر اعتراض لگا دیا۔ لاہور ہائیکورٹ آفس کی جانب سے اٹھائے گئے اعترا ض میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار ایان علی پاکستان میں موجود نہیں ۔

ایان علی کی پاکستان میں عدم موجودگی میں درخواست کو سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جا سکتا۔ایان علی نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کی توسط سے درخواست دائر کی۔ ایان علی کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کے لئے ٹرائل کورٹ پیش ہونا چاہتی ہوں۔ بے گناہی ثابت کرنے کے لئے کسٹم عدالت میں پیش ہونے کاموقع دیا جائے۔آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت شفاف ٹرائل ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔کسٹم عدالت نے پیش نہ ہونے پر ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ ایان علی پر پانچ لاکھ ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام کے تحت کسٹم حکام نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔