پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 15ملزمان کو گرفتار کرلیا

پیر 25 مارچ 2019 17:15

پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 15ملزمان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 15ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ،منشیات اور مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا ہے ۔تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق سندھ رینجرز نے شریف آباد ،ماڑی پور ،فیروزآباد اور سہراب گوٹھ کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 12ملزمان تنویر تانی ،عاقب عرف چھوٹا ،نعمان ،مطاہر ،عبدالشکور ،امام جاہ ،ذیشان حیدر ،فضل الرحمن فیضو ،ارسلان عرف طورا ،محمد فہیم ،محمد یونس اور عجب گل کو گرفتار گرفتار کرلیا جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے شریف آباد کے علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران تین ملزمان محمد بلال ،صالح محمد اور اقبال کو گرفتار کرلیا جو غیر قانونی اسلحہ فروخت کرنے ،منشیات فروشی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ترجمان کے مطابق غیر قانونی اسلحہ ،منشیات اور مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا ہے ۔تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔