شوکت عزیز صدیقی کی اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی رہائش گاہوں کے اخراجات کے حوالے سے دائر درخواست سماعت کے لیے منظور

5 رکنی لارجر بینچ نے شوکت عزیز صدیقی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کے خلاف اپیل پر سماعت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 مارچ 2019 18:12

شوکت عزیز صدیقی کی اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی رہائش گاہوں کے اخراجات کے حوالے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مارچ۔2019ء) سپریم کورٹ پاکستان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی رہائش گاہوں پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے. عدالت عظمیٰ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے شوکت عزیز صدیقی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کے خلاف اپیل پر سماعت کی.

اس دوران عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو ختم کرتے ہوئے درخواست ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرلی اور سابق جسٹس کی اپیل کو نمبر لگانے کا حکم دے دیا.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اعلی عدلیہ کے ججز کی رہائش گاہوں پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست دائر کی تھی، جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کردیئے تھے.

جس کے بعد شوکت عزیز صدیقی نے رجسٹرار آفس اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کی تھی‘خیال رہے کہ 21 فروری کو سپریم کورٹ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو ختم کرتے ہوئے شوکت عزیز صدیقی کی ایک اور درخواست سماعت کے لیے منظور کی تھی. یہ درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر دائر کی گئی تھی. یاد رہے کہ 11 اکتوبر 2018 کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو متنازع تقریر کے معاملے پر انہیں ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا.

سپریم جوڈیشل کونسل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو اداروں کے خلاف متنازع تقریر کے معاملے پر عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی.