Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا ایف بی آرسے ٹیکس اصلاحات پر بریفنگ لینے کا فیصلہ

مہاتیرمحمد نے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم کو سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کیلئے ٹیکس کی شرح میں نرمی کرنے کی تجویز دی تھی

پیر 25 مارچ 2019 18:35

وزیراعظم عمران خان کا ایف بی آرسے ٹیکس اصلاحات پر بریفنگ لینے کا فیصلہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیرِاعظم مہاتیر محمد کی جانب سے سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں نرمی کیلئے دی گئی تجویز پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)سے ٹیکس اصلاحات پر بریفنگ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے،دوسری جانب ملائشیا کے وزیر اعظم نے پاکستان کے تاجررہنماسہیل الطاف سے جولائی 2019میں ملائشیا میں ہونے والی پاکستان بزنس کانفرنس میں شرکت کا وعدہ بھی کرلیا ہے ۔

ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیرمحمد نے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی تھی کہ سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کیلئے پاکستان ٹیکس کی شرحوں میں نرمی کرے، دولت بنانا ہی ملک کی بدحال معیشت کو بہتر کرنے کا واحد ذریعہ ہے اور دولت حکومت نہیں بلکہ اس کے عوام اور سرمایہ کار ہی بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

مہاتیر محمد کایہ بھی کہنا تھا کہ اگر لوگ امیر ہوں گے تو بڑی تعداد میں ٹیکس دیں گے جسے حکومت بہتر تعلیم، صحت اور انفرا اسٹرکچر فراہم کرتے ہوئے عام لوگوں کی فلاح کے لیے خرچ کرے گی۔

ملک کی بزنس کمیونٹی نے ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیرمحمدکی اس تجویز کا خیرمقدم کیا ہے جس پر عمل کرکے ملائشیا نے ترقی کی منازل طے کیں۔بزنس کمیونٹی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملائشیا کے وزیر اعظم کی تجویز پر عمل کریں کیونکہ کاروبار کی راہ میں رکاوٹیں دور ہونے اور کاروبار بڑھنے سے ہی حکومت کوزیادہ ریونیو ملے گا۔

واضح رہے کہ ملائیشیا میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی جبکہ مقامی ہنرمندوں کو ٹریننگ دی، جیسے ہی سرمایہ کاری آئی تو کولا لمپور ٹیکنالوجی کی مدد سے صنعتیں بنانے کے قابل بن گیا۔دوسری جانب پاکستان اور ملائشیا کے درمیان پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کام، پاور جنریشن، ٹیکسٹائل، زراعت اور غذا کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے ہونے والے معاہدوں کے سلسلے میں وزیراعظم نے ملک کے نمائندہ اداروں ایف پی سی سی آئی اور ملک کے بڑے شہروں کے چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں سے بھی مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثناء تجارتی ذرائع کے مطابق ایف پی سی سی آئی کا ایک اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد عنقریب ملائشیا کا دورہ کرے گا جبکہ ملائشیا کے بزنس مینوں اور سرمایہ کاروں کا بھی ایک وفد پاکستان کے دورے کی پلاننگ کررہا ہے۔اس ضمن میں ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئرداروخان نے کہا کہ ملائشیاکی مارکیٹیں ہمارے لئے اہم ہیں اور حکومت کو چاہیئے کہ ملائشیا کے ساتھ تجارت بڑھانے اور ملائشین مارکیٹوں تک رسائی کیلئے بھی راہیں ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمدکی پاکستان آمد سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گاجبکہ ملائیشیا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات پاکستان کی مشرقی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کو محفوظ بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری میں دلچسپی خوش آئند ہے ۔

وزیراعظم ملائشیا مہاتیرمحمد سے نجی شعبے سے ملاقات کرنے والی واحد شخصیت راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر سہیل الطاف نے بتایا کہ مہاتیر محمد سے انکی ملاقات کارآمد ثابت ہوئی اور ہم نے انہیں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیرانتظام ملائشیا ء میں ہونے والی پاکستان بزنس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔

سہیل الطاف نے بتایا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل رہا کہ ملائشین وزیر اعظم مہاتیر محمدسے میری ملاقات ہوئی،انہوں نے مجھ سے پاکستاان اور ملائشیا بزنس کمیونٹی کے مابین روابط کے بارے میں پوچھا،میں انہیں 8اور9جولائی2019کوملائشیاء کے شہر کولالمپور میں ہونے والی بزنس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی اور انہوں نے اس کانفرنس کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ وہ اس کانفرنس میں شریک ہونگے ،اس کانفرنس کا میزبان راولپنڈی چیمبر آف کامرس ہوگا جبکہ راولپنڈی،اسلام آباد سمیت ملک بھر سے 400سے 500 بزنس مین اس میں شرکت کریں گے۔

سہیل الطاف نے بتایا کہ ملائشین وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے حلال میٹ کی تجارت بڑھے گی اور اس سلسلے میںفوجی میٹ کے ساتھ معاہدہ بھی ہوا ہے جبکہ وینڈرز انڈسٹری میں دوطرفہ تعاون بڑھنے اور جوائنٹ وینچرز سے پاکستان کے وینڈرز کو بھی فائدہ ہوگا،دیگر شعبوں میں تجارتی مواقع میسر آنے سے دوطرفہ تجارت کا توازن بیلنس ہوسکے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات