Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں سر مایہ کاری اور معاشی سرگرمیو ں کوفروغ دے کر ملک اور قوم کی تقدیر بدلیں گے‘اسلم اقبال

سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پنجاب سمارٹ ریگولیشن ایکٹ لایا جا رہا ہے،رسودہ ریگولیشنز کو ختم کر کے قوانین کو سہل بنا ئیں گے مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے پالیسی بنا رہے ہیں جسے جلد منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو بھیجوائیںگے‘صوبائی وزیر صنعت وتجارت

پیر 25 مارچ 2019 18:35

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں سر مایہ کاری اور معاشی سرگرمیو ں کوفروغ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ غربت ، بے روزگاری اور افلاس پاکستان کا مقدر نہیں ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں سر مایہ کاری اور معاشی سرگرمیو ں کوفروغ دے کر ملک اور قوم کی تقدیر بدلیں گے، کاروبار میں آسانیاں پیداکرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پنجاب سمارٹ ریگولیشن ایکٹ لایا جا رہا ہے،اس ایکٹ کے ذریعے مختلف محکموں میں موجودہ فرسودہ ریگولیشنز کو ختم کیا جائے گااو ر قوانین کو سہل بنا ئیں گے، انسپکٹر لیس رجیم کا مسودہ قانون تیار کر لیا گیا ہے، اسے آئندہ منظوری کیلئے کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا ، مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے پالیسی بنا رہے ہیں جسے جلد منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو بھیجوائیںگے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار ایوان صنعت و تجارت میں’’ پاکستان میں بزنس ماحول ، چیلنجز اینڈ ریمنڈیز‘‘ کے موضع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صنعت کاروں اور تاجروں کی مشاورت سے نئی صنعتی پالیسی تشکیل دی جس کے تحت انڈسٹریل گروتھ کا ہدف 10فیصد اور ہر سال مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق 5لاکھ ہنر مند افرادی قوت تیار کی جائے گی ۔

اسی طرح ہر سال نجی شعبہ کے اشتراک سے 12لاکھ روزگارکے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ٹیکسوں کو بھی یکجا کرنے کیلئے کمیٹی کا م کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کیلئے پنجاب سمال انڈسٹریز کی تین سکیمیں منظور ہو چکی ہیں۔ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے تحت ہنر مند نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے ایک لاکھ سے تین لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے ۔

اسی طرح لون مارک اپ سپورٹ پروگرام کے تحت چھوٹی صنعتوں کیلئے قرضوں میں سہولت دیں گے ۔کریڈٹ گرنٹی سکیم کے تحت بھی چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیا جائے گااور اس سکیم کے تحت قرضے کی حد 50لاکھ روپے ہے جس میں 80فیصد گارنٹی حکومت دے گی جبکہ 20فیصد گارنٹی کا ذمہ دار بینک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زون بنائے جا رہے ہیںاور کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے پروگرام کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔

آئندہ تین سالوں میں پنجاب کے تمام اضلاع میں کاٹیج انڈسٹری کو بحال کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر اکنامک کاریڈور بھی بنائیں گے ۔ قائد اعظم اپیریل پارک کے منصوبے پر بھی جلد کام کا آغاز کر دی جائے گا۔ فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے 3300ایکڑ زمین حاصل کی گئی ہے اور یہاں ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم نے مل کر اسے سنوارنا ہے۔مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیاں بڑھا نے کی ضرورت پر ضرور دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات