Live Updates

عافیہ رہائی کفن پوش پیدل مارچ ‘‘ کے ساتویں روز شرکاء حسن ابدال پہنچ گئے

پیر 25 مارچ 2019 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) دخترپاکستان ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے ’’ عافیہ رہائی کفن پوش پیدل مارچ ‘‘ کے ساتویں روز شرکاء حسن ابدال پہنچ گئے ۔ راستے بھر لوگوں کی جانب سے پیدل مارچ کے شرکاء اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔ لوگ جگہ جگہ پیدل مارچ کے شرکاء کا استقبال کرہے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ’’ عافیہ رہائی کفن پوش پیدل مارچ ‘‘کے نگران انعام اللہ مروت نے کہا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی انسانی مسئلہ ہے۔ڈاکٹر عافیہ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی نام نہاد امریکی جنگ کی متاثرہ ہے۔ جس طرح عراق پربڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار رکھنے کا جھوٹا الزام لگا کر حملہ کیا گیا تھا اسی طرح اپنی عوام کو گمراہ کرنے کے لئے امریکہ نے ڈاکٹر عافیہ کے نام کو استعمال کیا تھا۔

(جاری ہے)

پیدل مارچ کے شرکاء سے سے ملاقات کے موقع پر لوگ جس طرح عافیہ بہن کی رہائی اور وطن واپسی کے معاملے میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیںاس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم کیلئے عافیہ کا امریکی جیل میں گذرنے والا شدیداذیت کا باعث بن رہا ہے۔اربا ب اختیار تک ان جذبات کا اظہار پہنچانے کیلئے ہی ہم نے رضاکارانہ طور پر ’’ عافیہ رہائی کفن پوش پیدل مارچ ‘‘کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے تو قوم کے جذبات کا لحاظ نہیں کیا اب موجودہ حکمرانوں کو اس روش پر نہیں چلنا چاہئے۔ پیدل مارچ کا استقبال کرنے والے لوگوں کی اکثریت اس امیدکا اظہار کررہی ہے کہ وزیراعظم عمران خان قوم کی بیٹی کو وطن واپس لانے کا وعدہ پورا کریںگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات