شہباز شریف نے طاہرالقادری کو مروانے کے لیے مشتاق سکھیرا کو آئی جی پنجاب لگایا،عابد باکسر

ماڈل ٹاوٴن کا واقعہ مشکوک ہے، شہباز شریف نے میرے ماموں کو پولیس تحویل میں قتل کروایا، عابد باکسر کی اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 25 مارچ 2019 19:35

شہباز شریف نے طاہرالقادری کو مروانے کے لیے مشتاق سکھیرا کو آئی جی پنجاب ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ2019ء) انکاوٴنٹر سپیشلسٹ اور سابق انسپیکٹرعابد باکسر نے اردو پوائنٹ سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شہباز شریف نے طاہرالقادری کو مروانے کے لیے مشتاق سکھیرا کو آئی جی پنجاب بنایا۔ عابد باکسر نے کہا کہ شہباز شریف نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کو مروانے کے لیے مشتاق سکھیرا کو لے کر آئے، انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاوٴن کا واقعہ مشکوک ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہیں۔

عابد باکسراردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف میری جان کے در پہ ہوئے ہوئے تھے اور ابھی بھی میرے پیچھے ہیں، 1999میں میں انسپیکٹر فیکٹری ایریا تھا جب فواد حسن فواد نے مجھے تین ماہ کے لیے نظر بند کر دیا، فواد حسن فواد اور شہباز شریف میری زمین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے انہوں نے انسپیکٹر عمر ورک سے میرے ماموں کا انکاوٴنٹر کروایا۔

(جاری ہے)

عمر ورک ہر حکومت کا بایاں ہاتھ رہا اور اس نے حکومتوں کے لیے انکاوٴنٹر کیے، اب بھی میرے ماموں کو پولیس کی حراست میں قتل کروا دیا گیا ہے۔ شہباز شریف میری بائیس سو کنال زمین پر قبضہ کرنا چاہتے تھے اسی لیے مجھ پر جھوٹے پرچے کاٹے گئے اور انہی کیسوں میں میرے ماموں کو گرفتار کر کے قتل کیا گیا۔ پولیس مقابلے کیے نہیں جاتے، ہو جاتے ہیں لیکن عمر ورک جیسے پولیس افسر پولیس مقابلے خود کرتے ہیں۔

عابد باکسر نے انکشاف کیا کہ شہباز شریف مولانا طاہرالقادری کو مروانا چاہتے تھے اسی لیے مشتاق سکھیرا کو آئی جی پنجاب بنایا گیا اور ماڈل ٹاوٴن والا واقعہ ہوا۔ عابد باکسر سے انٹرویو کے دوران ان کے کیے گئے انکااوٴنٹرز کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انوں نے کسی بے گناہ کو نہیں مارا اور صرف ان مجرموں کا انکاوٴنٹر کیا جنہوں نے گرفتاری دینے کی بجائے پولیس پر حملہ کیا۔