Live Updates

ہم آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا اور انسان دوست ماحول فراہم کریں گے، وزیراعلیٰ محمود خان

ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور سرسبز و شاداب پاکستان بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرانا ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 25 مارچ 2019 23:05

ہم آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا اور انسان دوست ماحول فراہم کریں گے، وزیراعلیٰ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہمیں آئندہ نسلوں کو صاف ستھرااور انسان دوست ماحول فراہم کرنے،ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور سرسبز و شاداب پاکستان بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرانا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے شجرکاری مہم کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کیا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ بلین ٹری سونامی مہم کامیابی سے جاری ہے اور بہت جلد ماحول کی آلودگی پر قابو پایا جائے گا۔شجرکاری مہم کے حوالے سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد سلیم خان نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ’’بلین ٹری سونامی‘‘کے نام سے شروع کئے گئے شجرکاری مہم کو آگے بڑھانا ہوگا جس کے لئے تمام ضلعی انتظامیہ اپنے اضلاع میں شجرکاری کر رہی ہے اور اس مہم میں عوام،طلباء و طالبا ت سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی حکومت خیبر پختونخوا کا ساتھ دیا ہے اور اس مہم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد سلیم خان نے تمام ڈویژنل کمشنرز،تما م اضلاع کے ڈپٹی کمشنر زو دیگر اعلیٰ حکام کوہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرکے ماحو ل کو آلودگی سے بچائیں اور ہدایت کی کہ پودوں کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ صرف پودے اُگانا نہیں بلکہ اُن کا خیال بھی رکھنا ہے۔اس ضمن میں تمام اضلا ع کے ڈپٹی کمشنرز نے پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کو شجرکاری کے حوالے سے اپنی رپورٹس جمع کیں ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع دیر اپر نے ٹوٹل 190780 پودے لگائے ہیں جبکہ ضلع پشاور نے 2لاکھ15ہزار،ضلع ٹانک80000،ضلع مردان نے کل5950100،ضلع صوابی 241800، ضلع تورغر54200،ضلع مانسہرہ215600،ضلع لکی مروت165000،ضلع ملاکنڈ 617876،ضلع ڈیرہ غازی خان95000،ضلع ہنگو 65000،ضلع چارسدہ 265623، ضلع کرک75050،ضلع بنوں173200،ضلع ایبٹ آباد 49068،ضلع نوشہرہ201733،ضلع سوات 485750،ضلع کوہستان لوئر 5000،قبائلی ضلع شمالی وزیرستان 384000 ،قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان 105000 ،ضلع کولئی پالس کوہستان 5000،ضلع کرم 470110قبائلی ضلع اورکزئی 65000اور ضلع ہری پورمیں 72000 پودے لگانے سمیت دیگر اضلاع میں بھی پودے لگائے گئے ہیں اور شجرکاری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جس کی تفصیلی رپورٹ وقتاًفوقتاً چیف سیکرٹری سیل پی ایم آر یو کو ارسال کی جارہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات