Live Updates

نریندرمودی حکومت سرجیکل اسٹرائیک میں ناکامی کے بعد آبی جارحیت کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے‘امیر العظیم

کالا باغ ڈیم سمیت تمام چھوٹے بڑے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہوگئی ہے،نئے ڈیمز کی تعمیرکیلئے حکومت سنجیدگی کامظاہر ہ کرے‘امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

پیر 25 مارچ 2019 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے بگلیہار ڈیم پر پانی روکنے کی وجہ سے ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب کا 95فیصد تک پانی کم ہوگیا ہے جو کہ 1960میں ہونے والے سندھ طاس معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اس وقت بھارتی آبی جارحیت کے باعث دریائے چناب کے پانی کی آمد 55ہزار کیوسک کی بجائے گیارہ ہزار آٹھ سو بائیس کیوسک رہ گئی ہے۔

بھارت اوچھے اور منفی ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے ۔نریندر مودی حکومت نے تمام اخلاقی حدود کو پارکرلیا ہے۔ انتہا پسند ہندوحکومت نے سرجیل اسٹرائیک میں ناکامی کے بعد آبی جارحیت کے ذریعے پاکستان کو بنجر بنانے کی ساز ش تیار کی ہے، اس کی یہ سازش بھی کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھو ں نے گزشتہ روزلاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارتی آبی جارحیت اور اس کے اصل حقائق کو عالمی برادری کے سامنے لائے۔ ہندوستان پاکستان کے حصے کے دریائوں پر چھوٹے بڑے 62 ڈیم تعمیر کرکے اپنے کھیتوں کو سیراب کررہا ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ دشمن کی تمام چالوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔ بھارت ایک انتہا پسند ریاست ہے جہاں گجرات کے ہزاروں مسلمانوں کا قاتل شخص نریندر مودی بر سر اقتدار ہے۔

یہی وجہ ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ جہاں سے پاکستان میں بہنے والے دریائوں کا پانی نکلتا ہے۔ اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرانے تک بھارت کو آبی جارحیت سے نہیں روکا جاسکتا۔ ہندوستان پاکستان دشمنی میں بالکل اندھا ہوچکا ہے۔

امیر العظیم نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کے لیے نئے آبی ذخائرکی فی الفور تعمیر کرنے ، کالا باغ ڈیم سمیت تمام چھوٹے بڑے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہوگئی ہے ۔کالا باغ ڈیمز کی تعمیر سے پاکستان کی 60سی70لاکھ ایکڑ بنجر زمین کو قابل کاشت بنایا جاسکتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس حوالے سے سنجیدگی کامظاہر ہ کرے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات