وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی چلڈرن ہسپتال آمد،وارڈز کا دورہ ،مریض بچوں کی دلجوئی

خاتون کی درخواست پر وزیراعلیٰ نے ان کے بچے کا بون میروٹرانسپلانٹ جلد کرنے کا حکم دیا

پیر 25 مارچ 2019 23:10

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی چلڈرن ہسپتال آمد،وارڈز کا دورہ ،مریض بچوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار منشیات کی علاج گاہ کا افتتاح کرنے کے بعد اچانک چلڈرن ہسپتا ل پہنچ گئے۔انہوںنے مختلف وارڈزکا دورہ کیا اورزیر علاج بچوں کی دلجوئی کی۔وزیراعلیٰ نے مریض بچوں کے والدین اورلواحقین سے علاج معالجے کی دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چلڈرن ہسپتال کے کارڈیک آئی سی یو کا بھی معائنہ کیا ۔

وزیراعلیٰ نے ایک خاتون کی درخواست پر ان کے بچے کا بون میرو ٹرانسپلانٹ جلد کرانے کی ہدایت کی ۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں قائم چلڈرن ہسپتال بچوں کیلئے علاج معالجے کی معیاری سہولتیں فراہم کررہا ہے۔ پنجاب کے دوردراز علاقوں میں ضرورت کے تحت حکومت پنجاب پانچ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال قائم کریگی۔

(جاری ہے)

جہاں بچوں کو گھر کے قریب علاج معالجے کی معیاری سہولتیں میسر ہوںگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی کیلئے اضافی فنڈز فراہم کردئیے گئے ہیں ۔دیگر ضروری وسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں گے۔ ہسپتالوں کی پارکنگ اور رہائشگاہوں کے معاملے کا ہمدردانہ جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو چلڈرن ہسپتال کے بار ے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد ،مشیر صحت محمد حنیف پتافی اوردیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔