راہول گاندھی پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار

کانگرس نے اعلان کیا ہے کہ اگر وہ الیکشن جیت کر حکومت میں آئی تو بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 25 مارچ 2019 20:52

راہول گاندھی پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار
نئی دہلی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ2019ء) بھارتی سیاسی جماعت انڈین نیشنل کانگرس نے اعلان کیا ہے کہ اگر کانگرس جیت کر اقتدار میں آتی ہے تو بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لے گا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم کی طرح ہم دوہرا معیار نہیں اپنائیں گے جو کہ خفیہ طور پہ پاکستان کو یومِ پاکستان کی مبارک باد دیتے ہیں اور بھارت میں پاکستان کے خلاف نہرہ لگاتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہم پردے کے پیچھے سے بات کرنے کے حامی نہیں ہیں۔

ہم مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر پاکستان کے ساتھ معاملات کے حل کے لیے بات چیت کریں گے۔ بھارتی سیاسی جماعت کانگرس کے سیکریٹری جنرل ڈی پی ترپاٹھی نے پیر کے روزاپنی جماعت کے منشور کا اعلان کیا جس میں روس اور بنگلا دیش کے حوالے سے تعلقات کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات کے حوالے سے بھی نکات شامل تھے، کانگرس نے اپنے منشور میں اعلان کیا ہے کہ اگر عوام نے انہیں ووٹ دے کر حکومت کا حق دیا تو وہ مودی کی طرح دوغلے پن کا مظاہرہ نہیں کریں گے بلکہ عوام کو بتا کر پاکستان کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی طول پکڑ گئی تھی جب بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے دو جہاز مار گرائے تھے تب بھارت پاکستان کو دھمکیاں دے رہا تھا لیکن 23مارچ کے یومِ پاکستان کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے وزیراعظم پاکستان کو اس دن کی مبارکباد دی تھی۔

راہول گاندھی نے اسی طرف اشارہ کیا کہ ہم دوغلی پالیسی نہیں اپنائیں گے بلکہ عوام کو اعتماد میں لے کر پاکستان کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔ بھارت کی جانب سے پہلی بار ایسا پیغام آیا ہے ورنہ ہمیشہ ہر بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف رہی ہے اور پاکستان کی بارہا مذاکرات کی پیشکش کو بھارت کی جانب سے ٹھکرایا جاتا رہا ہے البتہ اب امید کی ایک کرن روشن ہوئی ہے جب راہول گاندھی نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا اوعلان کیا ہے کہ اقتدار میں آکر وہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کریں گے۔