منہاج القرآن سیاسی،معاشی و سماجی استحصال کے خاتمے کیلئے کوشاں ہی: خرم نواز گنڈاپور

ٖ مخیر حضرات پسماندہ طبقات کی مدد کر کے اپنا قومی و اسلامی فرض پورا کریں: سیکرٹری جنرل PAT

پیر 25 مارچ 2019 23:59

منہاج القرآن سیاسی،معاشی و سماجی استحصال کے خاتمے کیلئے کوشاں ہی: ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ معاشرے کے مجبور و پسماندہ طبقات کی بحالی ومدد،صاحب حیثیت اور مخیر حضرات اپنا قومی و اسلامی فرض سمجھ کر کریں۔ ڈاکٹر طاہر القادری معاشی عدم استحکام اور قومی وسائل کی مساوی تقسیم یقینی بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

پاکستان کے غریب عوام کو میٹرو بسوں،اورنج ٹرین،ایکسپریس ویز کے کھربوں روپے کے لگژری منصوبوں کی بجائے تعلیم،صحت،انصاف اور سستی خوراک چاہیے۔قوم کی بیٹیاں شادی کے اخراجات نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا شکار ہیں۔اسی وجہ سے جرائم،سماجی و اخلاقی برائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔شریف برادران نے سڑکیں، لوہے اور سٹیل کے جدید پل تو بنائے مگر انسانی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ہمیشہ نظر انداز کیا۔

(جاری ہے)

تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فائونڈیشن مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے سینکڑوں غریب بیٹیوں کی شادی کروائی،لاکھوں روپے مالیت کا ضروریات زندگی کا سامان دیا۔مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ہونیوالی 23شادیوں کی اجتماعی تقریب کے شاندار انعقاد پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن سید امجد علی شاہ اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

تحریک منہاج القرآن مساوات محمدی کا احیاء چاہتی ہے ہر طرح کی سیاسی،معاشی اور سماجی استحصال کا خاتمہ چاہتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن سید امجد علی شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جواد حامد،خرم شہزاد،رانا فیصل،سعید اختر،امتیاز اعوان اور اجتماعی شادیوں کی تقریب میں تشکیل دی جانیوالی 15 انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ 50 فی صد سے زائد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اگر وہ بجلی اور گیس کے بل جمع کرواتے ہیں تو انکے کھانے کیلئے کچھ نہیں بچتا۔تحریک منہاج القرآن اپنے ان مجبور اور غریب ہم وطنوں کی فلاح کیلئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں شریف برادران اور انکے وزراء کے ایما پر خون بہایا گیا۔قاتلوں کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور انصاف کے حصول تک لڑتے رہینگے۔

ہمیں امید ہے کہ مظلوموں کو انصاف ملے گا۔ساڑھے 4سال سے انصاف کے منتظر ہیں ہم دیکھتے ہیں کہ شریف برادران انصاف کے راستے کی دیوار کب تک بنتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کو ڈاکٹر طاہر القادری نے امن،محبت اور بھائی چارے کی تعلیم دی ہے۔ہمارے کارکن دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،پاکستان عوامی تحریک کے کارکن ڈاکٹر طاہر القادری کے دس نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے پہلے سے بھی زیادہ پر عزم ہیں۔