مریم نواز نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ سوشل میڈیا پر شئیر کی جس پر لکھے مریض کی آئی ڈی کو استعمال کر کے کسی نے رپورٹ بدل دی

نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں نازیبا کلمات لکھنے کے لیے مریض کی آڈی اور کیس نمبر استعمال کیا گیا جو مریم نواز کی ٹویٹ کی وجہ سے لیک ہوا، ڈائریکٹر آپریشنز چغتائی لیب

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 25 مارچ 2019 21:25

مریم نواز نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ سوشل میڈیا پر شئیر کی جس پر لکھے ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ2019ء) چغتائی لیب کے ڈائریکٹر آپریشنزڈاکٹر عمر چغتائی نے اردو پوائنٹ کو خصوصی انٹر ویو دیتے ہوئے بتایا ہے کہ نواز شریف کی رپورٹ میں نازیبا کلمات لکھنے کے لیے نواز شریف کا پیشنٹ آئی ڈی اور کیس نمبر استعمال کیا گیا، انکا کہنا تھا کہ یہ معلومات صرف مریض کے پاس ہوتی ہیں اور مریضوں کی سہولت کے لیے چغتائی لیب نے انہیں ویب سائٹ میں اپنا پتا بدلنے کی سہولت فراہم کی تھی تا کہ مریض اگر ایک جگہ سے دوسری جگہ یا کسی دوسرے شہر منتقل ہو جائے تو اپنا پتا ویب سائٹ ڈیٹا میں بدل سکے لیکن جب مریم نواز نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جنوری میں اپنے سوشل میڈیا اکاوٴنٹ پر جاری کیں تو کچھ عناثر نے اس رپورٹ پر موجود مریض کی آئی ڈی اور کیس نمبر استعمال کر کے ویب سائٹ پر نوازشریف کی رپورٹ میں نازیبا کلمات لکھ دیے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر چغتائی نے بتایا کہ اس آئی ڈی اور کیس نمبر کو استعمال کر کے صرف پتا بدلا جاسکتا تھا لیکن رپورٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی تھی البتہ اب لیب نے اس آپشن کو بند کر دیا ہے اور مریض اس معلومات کو بھی خود نہیں بدل سکتے۔ چغتائی لیب کے ڈائریکٹر آپریشنز نے اردو پوائنٹ کو بتایا کہ ویب سائٹ ہیک نہیں ہوئی تھی بلکہ جو تبدیلی رپورٹ میں کی گئی اس حوالے سے لیب انتظامیہ نے خود مریضوں کی سہولت کے لیے یہ آپشن دیا تھا لیکن اس کے لیے شرط یہ تھی کہ مریض اپنی آئی ڈی اور کیس نمبر کسی کو نہ بتائے البتہ جب مریم نواز صاحبہ نے رپورٹ پبلش کی تو اس میں یہ معلومات موجود تھیں جو عام لوگوں تک پہنچ گئی۔

ڈاکٹر عمر چغتائی نے بتایا کہ چغتائی لیب پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے کام کر رہی ہے اور لوگ مشکل وقت میں ان کے پاس آتے ہیں تا کہ انہیں ان کی صحت کے حوالے سے درست معلومات مل سکیں لیکن کچھ عناثر نے یہ گری ہوئی حرکت کی جس کی چغتائی لیب انتظامیہ پرزور مذمت کرتی ہے۔ چغتائی لیب پاکستان کی صف اول کی میڈیکل لیب ہو جو مریضوں کی خدمت کر رہی ہے البتہ گزشتہ دنوں کچھ عناثر کی نازیبا حرکت کی وجہ سے اسے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب لیب انتظامیہ نے اس بارے میں حقائق بیان کیے ہیں اور بتایا ہے کہ اس میں چغتائی لیب کی کوئی غلطی نہیں تھی اور چغتائی لیب مکمل ذمہ داری کے ساتھ عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔