ایس ایچ او تھانہ سٹی رائے ونڈ میاں امین قیصرکی سینئر صحافی حامد حسین بھٹی سے غنڈہ گردی کیخلاف مقامی صحافی سراپا احتجاج ،مانگاروڈ فلائی اوور چوک میں ٹائر جلاکر نعرے بازی کی

منگل 26 مارچ 2019 00:17

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) ایس ایچ او تھانہ سٹی رائے ونڈ میاں امین قیصرکی سینئر صحافی حامد حسین بھٹی سے غنڈہ گردی کیخلاف مقامی صحافی سراپا احتجاج بن گئے ،مانگاروڈ فلائی اوور چوک میں ٹائر جلاکر نعرے بازی کی ،تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے رپورٹر سینئر صحافی اپنے کیمرہ مین کیساتھ اپنے دفتر کے باہر ایک مظلوم خاندان کی پولیس کیخلاف احتجاج کی فوٹیج بنارہے تھے کہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او نفری سمیت وہاں آگئے اور صحافی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے کیمرہ میں سے کیمرہ چھین لیا ،صحافی حامد حسین بھٹی کی تکرار پر پولیس افسر آگ بگولہ ہوگیا اور صحافی کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا ہوا گاڑی میں بیٹھ کر تھانہ روانہ ہوگیا ،دوسری طرف واقعہ کا علم ہونے پر رائے ونڈ ، مانگا منڈی ،سندر ،کوٹرادھاکشن ،چوہنگ اور گردونواح کے صحافی فلائی اوور چوک پر اکٹھے ہوگئے اور پولیس گردی پر متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے رہے ،متعدد صحافیوں نے بتایا کہ مذکورہ ایس ایچ او کی تعیناتی کے بعد علاقہ میں سٹریٹ کرائم کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے ،جبکہ پولیس اہلکار ایس ایچ او کی سرپرستی میں رشوت خوری کا بازارگرم کئے ہوئے ہیں ،اور تھانہ سٹی مک مکا سنٹر بن گیا ہے ،جبکہ مقامی صحافی آئے روز مظلوم سائلین کی فریاد پر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کرتے نظر آتے ہیں جو کہ ایس ایچ او اپنی ناقص کارکردگی چھپانے کیلئے صحافیوں کا تھانہ میں آنا جانا اور خبروں کی نشرواشاعت پسند نہیں کرتا اور اس نے صحافیوں کو مرعوب کرنے کیلئے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا وطیرہ بنا رکھا ہے ،صحافیوں نے اعلیٰ پولیس افسران سے ایس ایچ او کیخلاف کارروائی کا کرتے ہوئے تاوقت فیصلہ پولیس کی رپورٹنگ بند کرنے اور احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔