برطانوی ائیر لائن کا جہاز غلط ملک پہنچ گیا

لندن سے جرمنی کے لیے پرواز کرنے والا جہاز سکاٹ لینڈ پہنچ گیا، آخری وقت تک کسی کو پتا نہ چلا کہ جہاز غلط سمت میں جارہا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 26 مارچ 2019 00:03

برطانوی ائیر لائن کا جہاز غلط ملک پہنچ گیا
لندن(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ2019ء) برطانوی ائیر لائن کا جہاز جو لندن سے جرمنی کے شہر ڈسلڈروف جانے کے لیے اڑا تھا غلطی سے سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ پہنچ گیا۔ جب طیارے میں اعلان کیا گیا کہ طیارہ بخیریت ایڈن برگ پہنچ چکا ہے تو مسافروں میں پریشانی پھیل گئی کیونکہ انہوں نے ڈسلڈروف جانا تھا اور وہ وہاں سے 500کلومیٹر دور کسی اور ملک کے شہر میں موجود تھے۔

برطانوی ائیر لائن کے اس طیارے کو ڈبلیو ڈی ایل ایوی ایشن نامی کمپنی اڑا رہی تھی، برطانوی ائیر لائن نے کہا ہے کہ ہم ڈبلیو ڈی ایل ایوی ایشن کے ساتھ مل کر اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ طیارے کو غلط روٹ کی دستاویزات کیسے فراہم کر دی گئیں۔ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ایڈن برگ پہنچنے پر جب عملے کو اپنی غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے جہاز میں دوبارہ ایندھن بھروایا اور اصل منزل ڈسلڈروف روانہ ہوئے۔

(جاری ہے)

ائیر لائن نے کہا ہے کہ ہم انفرادی طور پر ہر مسافر سے رابطہ کر کے اس غلطی کی معافی مانگیں گے اور ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں کیونکہ مسافروں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس سے پہلے کبھی ایسا واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا کہ پرواز کو غلط روٹ دے دیا گیا ہو اور وہ اس جگہ پہنچ گئی ہو کیونکہ روٹس میں ہر جگہ جہازوں پر ریڈار کے ذریعے نظر رکھی جاتی ہے اور ایسی کسی بھی غلطی کی صورت میں جہاز کے عملے کو مطلع کر دیا جاتا لیکن اس بار جہاز اصل منزل کی بجائے دوسرے شہر پہنچ کر اتر گیا تب جا کر عملے غلطی کا ادراک ہوا۔ ایک مسافر کا کہنا تھا کہ یہ حیران کن تو ہے لیکن یہ ایسے ہی تھا کہ جیسے اس بندے کی لاٹری نکل آئے جس نے پرچی خریدی بھی نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :