ایران میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 22ہوگئیں، 74 زخمی

زیادہ تر افراد اپنے موبائل فونز پر سیلابی ریلوں کی ویڈیو بناتے ہوئے ہلاک ہوئے ،ایرانی سرکاری میڈیا

منگل 26 مارچ 2019 12:09

ایران میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 22ہوگئیں، 74 زخمی
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) ایران کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 74 زخمی ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کی ہنگامی طبی خدمات کے سربراہ پیر حسین قٴْلی وند نے بتایا کہ شیراز شہر کے باہر طوفانی بارش کے بعد اچانک سیلاب آگیا ہے۔قبل ازیں ایران کے سرکاری ٹی وی نے یہ اطلاع دی تھی کہ زیادہ تر افراد اپنے موبائل فونز پر سیلابی ریلوں کی ویڈیو بناتے ہوئے ہلاک ہوئے ۔

ایران کی واٹر اتھارٹی نے کہا کہ فارس ، کردستان ، قٴْم اور اصفہان میں ممکنہ سیلاب کے خطرے سے خبردار کردیا گیا ہے اور دارالحکومت تہران میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے۔فارس کے گورنر عنایت اللہ رحیمی نے کہا کہ ان کے صوبے میں سیلاب کنٹرول میں ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے گھروں ہی میں رہیں۔

دو شمالی صوبے گلستان اور مزنداران گذشتہ ایک ہفتے سے طوفانی بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کی زد میں ہیں۔ ایران کے سرکاری پریس ٹی وی کے مطابق ان دونوں صوبوں میں سیلاب سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور ان کے مختلف شہروں اور دیہی علاقوں میں سیلاب سے 56 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ۔ایران کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔واضح رہے کہ ایران کے مشرقی صوبے آذر بائیجان میں گذشتہ سال طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب کے نتیجے میں کم سے کم تیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔