فلم فیئر ایوارڈ میں محبتوں کا برملا اظہار، فلم راضی اور پدماوت کی دھوم

رنویر سنگھ نے اپنی اہلیہ دیپیکا سے محبت کا اظہار کیا تو عالیہ بھٹ نے بھی رنبیر کپور کوآئی لو یو کہہ دیا

منگل 26 مارچ 2019 12:24

فلم فیئر ایوارڈ میں محبتوں کا برملا اظہار، فلم راضی اور پدماوت کی دھوم
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) بالی وڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ فلم فیئر میں جہاں پاکستان اور انڈیا پر مبنی فلم’’راضی‘‘ کا چرچا رہا وہیں فنکاروں نے برملا اپنی محبتوں کا اظہار بھی کیا۔اداکار رنویر سنگھ نے اپنی اہلیہ دیپکا سے محبت کا اظہار کیا تو اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی اداکار رنبیر کپور کو آئی لو یو کہہ دیا۔

فلم ’’راضی ‘‘کو جہاں بہترین فلم کا ایوارڈ ملا وہیں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی اس فلم کی اداکارہ عالیہ بھٹ کے حصے میں آیا جبکہ بہترین اداکار کا ایوارڈ ان کے دوست رنبیر کپور کو فلم ’’سنجو‘‘ پر دیا گیا۔سینیئر اداکارہ اور رکن پارلیمان ہیما مالنی کو فلم انڈسٹری میں 50 سال خدمات انجام دینے پر خصوصی انعام سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

انھیں یہ ایوارڈ فلم ساز اور نغمہ نگار گلزار نے دیا جس کا ٹوئٹر پر ہیما مالنی نے شکریہ ادا کیا۔

انڈیا میں یہ ایوارڈ سب سے اہم تصور کیا جاتا ہے اور اس کی ابتدا 1954 میں ہوئی تھی۔ انڈیا کے بڑے میڈیا ہاؤس ٹائمز آف انڈیا گروپ اس کا ہر سال انعقاد کرتا ہے۔بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ بھی فلم راضی کے حصے میں آیا۔ اس فلم کی ہدایت معروف نغمہ نگار اور فلم ساز گلزار کی بیٹی میگھنا گلزار نے کیا ہے۔فلم میں عالیہ بھٹ نے ایک کشمیری لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جس کی شادی ایک پاکستانی فوجی خاندان میں ہوتی ہے۔

مسئلہ بس یہ ہے کہ یہ لڑکی انڈین جاسوس بھی ہے جو 1971 کی جنگ سے ذرا قبل کچھ انتہائی اہم خفیہ راز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔مجموعی طور پر راضی کو پانچ ایوارڈز ملے جبکہ پدماوت کو صرف چار ایوارڈز مل سکے حالانکہ اسے 17 زمروں میں نامزدگی ملی تھی۔بہترین ادکارہ کا کریٹک ایوارڈ ویٹرن اداکارہ نینا گپتا کو فلم ’’بدھائی ہو‘‘ کے لیے دیا گیا جبکہ اداکار کا ایوارڈ فلم پدماوت کے لیے رنویر سنگھ کے حصے میں آیا۔

رنویر سنگھ کو ان کی اہلیہ اور اداکار دیپکا پاڈوکون نے ایوارڈ دیا تو انھوں نے گھٹنوں کے بل ان سے ایوارڈ قبول کیا۔ انھوں نے ایوارڈ لیتے ہوئے کہاکہ یہ سیاہ خاتون (ایوارڈ) میرے لیے بہت سپیشل ہے لیکن یہ خاتون (دیپکا) میری زندگی میں واقع ہونے والی مخصوص ترین ہے۔ میں تم سے محبت کرتا ہوں، کیا تمھیں مجھ پر فخر ہی دیپکا نے اس ایوارڈ کا جشن مناتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی جس میں عالیہ بھٹ اور رنویر کپور بھی نظر آ رہے ہیں۔

دوسری جانب عالیہ بھٹ نے ایوارڈ لینے کے بعد اپنی تقریر میں رنبیر کپور سے اظہار محبت کرتے ہوئے انھیں اپنی زندگی کا مخصوص ترین شخص قرار دیا۔سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان کو فلم’’کیدارناتھ‘‘ کے لیے بہترین نئی اداکارہ کا جبکہ شاہد کپور کے بھائی ایشان کھٹر کو’’بیانڈ کلاؤڈز‘‘ کے لیے بہترین نئے ادکار کا ایوارڈ ملا۔