گورنمنٹ ٹریننگ کالج فار ٹیچرز فار ڈیف لاہور کے پرنسپل کی تقرری کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

منگل 26 مارچ 2019 13:27

گورنمنٹ ٹریننگ کالج فار ٹیچرز فار ڈیف لاہور کے پرنسپل کی تقرری کیخلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے گورنمنٹ ٹریننگ کالج فار ٹیچرز فار ڈیف لاہور کے پرنسپل کی تقرری کے خلاف درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔عدالت عالیہ میں انسٹریکٹر عبدالغفار گجر کی محمد اقبال ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب ،سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن اور پرنسپل شہزاد ہارون بھٹہ کو فریق بنایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ شہزاد ہارون پرنسپل کی کوالیفیکیشن پر پورا نہیں اترتے ، وہ سکول کیڈر سے تعلق رکھتے ہیں ، وہ سینارٹی میں جونیئر ترین ہیں ،وہ سپیشل ایجوکیشن ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں،پرنسپل کا تقرر صرف کالج کیڈر کے کسی وائس پرنسپل سے ہی کیا جا سکتا ہے، شہزاد ہارون کو سیاسی بنیادوں پر پرنسپل لگا دیا گیا ہے ۔

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ شہزاد ہارون کی بطور پرنسپل تقرری کالعدم قرار دیا جائے اور نئی تقرری قانون کے مطابق کرنے کا حکم دیا جائے ۔ جس پر عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن اور پرنسپل شہزاد ہارون بھٹہ کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔