پیلٹ گنز کے شکار 60فیصد کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے ، ایک تحقیق میں انکشاف

36فیصد متاثرہ افراد کی بینائی بری طرح متاثر جبکہ 10فیصدمکمل طورپر بینائی سے محروم ہو گئے

منگل 26 مارچ 2019 14:01

پیلٹ گنز کے شکار 60فیصد کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے ، ایک تحقیق ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف کیاگیا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں پر امن کشمیری مظاہرین کے خلاف مہلک پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال کا نشانہ بننے والے 59.3فیصد افراد کی بینائی متاثر ہوئی ہے جبکہ 36.7فیصد متاثرہ افراد کی بینائی بری طرح متاثر ہو ئی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ انکشاف گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کی طرف سے کی جانیوالی ایک تحقیق جو کہ اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق ہے میں کیاگیا ہے ۔

یہ تحقیق مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین کے خلاف بھارتی فورسز کی طرف سے استعمال کی جانیوالی پیلٹ گن کے مہلک ہونے کے بارے میں سائنسی تجزیہ فراہم کرتی ہے۔ تحقیق میںجولائی2016سے جنوری 2018کے دوران بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال کے باعث زخمی اورایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر میں داخل ہونیوالے ایک ہزار 65میںسی664کشمیریوں جن کی آنکھوں کو نشانہ بنایا گیا کو شامل کیاگیا ۔

(جاری ہے)

تحقیق کے مطابق تحقیق میں شامل کئے گئے پیلٹ گن کے 59.3فیصد متاثرہ افراد کی جزوی طورپر بینائی متاثر ہوئی جبکہ 10.8فیصدافرادمکمل طورپر بینائی سے محروم ہو گئے ۔ 85فیصدمتاثرہ افراد کو گریڈ ڈی اور گریڈ ای جیسے شدیدزخم آئے جبکہ کم سے کم 32.1فیصد افراد کی آنکھ کی پتلی کے قریب زخم آئے ۔ ’’کلینیکل پروفائیل اینڈ ویژل آئوٹ کم آف پیلٹ گنز ‘‘کے عنوان سے یہ تحقیق گورنمنٹ میڈیکل کالج کے امراض چشم کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر فیصل قیوم شاہ نے پروفیسر طارق قریشی کی رہنمائی میںکی ۔

اس تحقیق کا مقصدپیلٹ گنز کے ذریعے بصارت سے محروم ہونیوالے افراد کا ڈیٹا مرتب کرنا تھا ۔ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنزسے متاثرہ افراد کے سروے میں پانچ سالہ کے بچے سے لیکر59سال کا معمر شخص بھی شامل ہے جبکہ سروے میں 9خواتین کو بھی شامل کیاگیا ہے ۔