Live Updates

حکومتیں کارکردگی کی بنیاد پر قائم رہتی ہیں، الزام تراشیوں ،گالم گلوچ سے نہیں ‘پیپلز پارٹی

ہر آنیوالا دن عمران خان حکومت کو زوال کے قریب لیجا رہا ہے، وزرا کی زبان درازیاں اور گیدڑ بھبھکیاں بھی حکومت کو نہیں بچا سکتیں عمران خان کی اقتدار کی کشتی سے سب سے پہلے فواد چودھری جیسے چوہے چھلانگ لگائیں گے‘سینیٹر مولا بخش چانڈیو ، سیدحسن مرتضیٰ کا ردعمل

منگل 26 مارچ 2019 14:26

حکومتیں کارکردگی کی بنیاد پر قائم رہتی ہیں، الزام تراشیوں ،گالم گلوچ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ حکومتیں کارکردگی کی بنیاد پر قائم رہتی ہیں، الزام تراشیوں اور گالم گلوچ سے نہیں ، ہر آنے والا دن عمران خان حکومت کو زوال کے قریب لیجا رہا ہے، وزرا کی زبان درازیاں اور گیدڑ بھبھکیاں بھی حکومت کو نہیں بچا سکتیں، عمران خان کی اقتدار کی کشتی سے سب سے پہلے فواد چودھری جیسے چوہے چھلانگ لگائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو اور پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر مولابخش چانڈیو بھٹو کے جیالے اور پسے ہوئے طبقات کو اس دن کا بے صبری سے انتظار تھا، کراچی سے لاڑکانہ کارروان بھٹو کے بعد عنقریب چیئرمن دوسرے صوبوں میں بھی جائیں گے، چاروں صوبوں کے جیالے اور حکومتی پالیسیوں سے تنگ عوام بھٹو کے نواسے کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر آنے والا دن عمران خان حکومت کو زوال کو مزید قریب لے کر جا رہا ہے، وزرا ء کی زبان درازیاں، دروغ گوئی اور گیدڑ بھبھکیاں اس حکومت کو نہیں بچا سکتیں۔حکومتیں کارکردگی کی بنیاد پر قائم رہتی ہیں، الزام تراشیوں اور گالم گلوچ سے نہیں ، حکومت نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے، مہنگائی کے بھنور میں پھنسے عوام حکمرانوں کے خلاف بغاوت پر کمربستہ ہو چکے ہیں۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ انتظار قیادت کا تھا اور غریب عوام کی قیادت ہمیشہ بھٹو نے کی، جو ایک بار پھر میدان میں آ چکا ہے، آج دنیا جعلی مینڈیٹ والے کٹھ پتلیوں اور حقیقی عوامی قائد میں فرق سامنے آگیا ،کراچی سے لاڑکانہ تک ہر شہر میں عوام نے اپنے محبوب قائد پر محبتیں نچھاور کیں ۔پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ فواد چوہدری اپنی چند برسوں کی سیاسی زندگی میں بہت سے جماعتیں بدل چکے ہیں، یہ بونے سیاستدان ہر دور میں بدزبانی سے سیاست کو آلودہ کرتے ہیں، فواد چودھری نوکری بچانے کیلئے زبان درازی کررہے ہیں لیکن وہ سن لیں اگر عمران خان کا اقتدار ہی نہیں بچنا تو اس کی نوکری کیسے بچے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اقتدار کی کشتی سے سب سے پہلے فواد چودھری جیسے چوہے چھلانگ لگائیں گے، عمران خان کو چھوڑ کر جلد فواد چودھری نئے جماعت تلاش کریں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات