Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا نواز شریف کی رہائی کے حکم پر ردِ عمل سامنے آ گیا

ملک میں عدالتیں اور ادارے خود مختار ہیں۔عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، نواز شریف کی صحت کے لیے دعاگو ہیں۔ وزیراعظم کو کابینہ اجلاس میں نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے سے متعلق آگاہ کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 26 مارچ 2019 14:43

وزیراعظم عمران خان کا نواز شریف کی رہائی کے حکم پر ردِ عمل سامنے آ گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مارچ 2019ء) آج سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پرضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست منظور کر لی ہے۔وزیراعظم عمران خان کو کابینہ کے اجلاس میں نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے سے متعلق بتایا گیا،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں عدالتیں اور ادارے خود مختار ہیں۔

عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔نواز شریف کے علاج کے لیے پہلے بھی ہدایات دی ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے لیے دعاگو ہیں۔ اسی حوالے سے اب ن لیگ کا بھی رد عمل سامنے آ گیا ہے۔اپوزیشن لیڈر اور نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اللہ کا بڑا کرم ہے نواز شریف کی ضمانت ہوئی۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے گھر آنے پر علاج کے لیے مشاورت کریں گے۔جب کہ اس حوالے سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا۔انشاء اللہ عدالتوں سے نواز شریف کو ریلیف ملتا رہے گا۔ وزیراعظم کے دو درجن چمچے نواز شریف کی علالت پر سیاست کر رہے تھے۔ یہ بات ریکارڈ پر آ گئی ہے کہ نواز شریف کی صحت کو خطرہ ہے۔امید ہے کہ اپیل میں بھی نواز شریف کو انصاف ملے گا۔

موجودہ حکمران ملک کی فکر کریں۔معیشت کی فکر کریں۔مریم نواز نے اللہ کا شکر ادا کیا جب کہ نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے بھی ٹویٹ کیا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنان نے بھی قائد کی رہائی کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور بھنگڑے ڈالے۔واضح رہے سپریم کورٹ نے نواز شریف کی سزا 6ہفتوں کے لیے معطل کر دی ہے۔تاہم سپریم کورٹ نے نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات