میلہ چراغاں کے موقع پر لاہوریوں کو شاندار خبر سُنا دی گئی

30 مارچ کو شہر کے تمام تعلیمی و سرکاری ادارے عام تعطیل کے باعث بند رہیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 مارچ 2019 16:09

میلہ چراغاں کے موقع پر لاہوریوں کو شاندار خبر سُنا دی گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2019ء) لاہور میں ہر سال میلہ چراغاں بہت دھُوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ یہ میلہ دراصل پنجابی زبان کے مشہور شاعر اور عظیم المرتبت صوفی بزرگ شاہ حُسین لاہوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس عظیم صوفی بزرگ کے عرس کے موقع پر لاہور میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ اس بار بھی لاہوریوں کو یہ خوش کُن خبر سُنا دی گئی ہے۔

30مارچ کو بچوں کے اسکولز تو بند ہوں گے ہی، تمام ضلعی سرکاری دفاتر کے ملازمین بھی گھر بیٹھ کر چھٹی سے لطف اندوز ہوں گے۔ یہاں پڑھنے والوں کو بتاتے چلیں کہ شاہ حُسین لاہوری 1539ء کو لاہورکے ٹکسالی دروازہ میں مقیم مسلمان کے گھر پیدا ہوئے۔ شاہ حُسین لاہوری بچپن سے ہی بہت عبادت گزار اور شرع کے پابند تھے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مشہور بزرگ شیخ بہلول دریائی کے ہاتھ پر بیعت کی۔

وہ دِن رات ریاضت اور مجاہدے میں مصروف رہتے۔ جوانی میں اُن پر جذب و مستی کی کیفیت طاری ہو گئی۔ جس کے بعد وہ شاعری اور موسیقی کی جانب مائل ہو گئے۔ اُن کا صوفیانہ کلام وحدت الوجودی افکار، عشق و حُسن کی سرمستی اور دُنیا کے فانی ہونے کے پیغام سے بھرپور ہے۔ شاہ حُسین کی صوفیانہ کافیاں دُنیا بھر کے ادب میں بلندپایہ مقام رکھتی ہیں۔ شاہ حُسین کا ایک مُرید مادھو تھا جس کا تعلق ہندو گھرانے سے تھا، تاہم وہ شاہ حُسین کی تعلیمات سے متاثر ہو کرہمیشہ کے لیے اُن سے منسوب ہو گیا اور ساری عمر اُن کی خدمت میں گزار دی۔

شاہ حُسین کی وفات کے بعد اُن کا مُرید مادھو لال حُسین اُن کا گدی نشین بنا۔ شاہ حُسین اور مادھو کا لازوال روحانی تعلق ایسی مثال بنا کہ شاہ حُسین، مادھو لعل حُسین کے نام سے ہی مشہور ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :