جعلی دودھ کی سپلائی کا نیا طریقہ بھی بے نقاب ،ٹینکر کو لکڑیوں ،چادروں سے ڈھانپ کر لانے کی کوشش ناکام

ہزار لیٹر جعلی دودھ کا گاڑھا محلول چھپا کر ساہیوال سے لاہور لایا جا رہا تھا،گاڑی قبضے میں لے لی گئی ،ڈرائیور فرار

منگل 26 مارچ 2019 17:09

جعلی دودھ کی سپلائی کا نیا طریقہ بھی بے نقاب ،ٹینکر کو لکڑیوں ،چادروں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی دودھ کی سپلائی کا نیا طریقہ بھی بے نقاب کرتے ہوئے جعلی دودھ کے ٹینکر کو لکڑیوں اور چادروں سے ڈھانپ کر لانے کی کوشش بھی ناکام بنا دی ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ 3 ہزار لیڑ جعلی دودھ کا گاڑھا محلول چھپا کر ساہیوال سے لاہور لایا جا رہا تھا،تین ہزار لیٹر گاڑھے محلول سے 12 ہزار لیٹرجعلی دودھ تیار کیا جانا تھا ،ٹینکر کو لوڈر ٹرک کا روپ دے کر جعلی دودھ کا گاڑھا محلول لایا جارہا تھا ۔

ضبط کیا گیا محلول تلف، ڈرائیور فرار، گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی دودھ تیار کرنے کے لئے پائوڈر، گھی اور کیمیکل سے بنا گاڑھا محلول تیار کیا گیا تھا، تیار جعلی دودھ کی جگہ کم حجم والا گاڑھے محلول لا کر لاہور میں صرف پانی شامل کیا جانا تھا۔

(جاری ہے)

پنجاب فوڈ اتھارٹی سے بچنے کے لیے جعلی دودھ کا محلول دور دراز علاقوں میں تیار کر کے لایا جا رہا تھا،ویجیلینس ٹیم نے ریکی کر کے سپلائی کرنے والی گاڑیوں کا پتہ لگایا ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ہمارے مربوط نظام کے آگے جعل سازوں کے دھوکہ دہی کے نت نئے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہو سکتے،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویجیلینس ٹیمیں 24 گھنٹے صحت دشمن عناصر کے پیچھے ہیں، ملاوٹ مافیا پنجاب میں کہیں بھی، کسی بھی روپ میں ہو ڈھونڈ نکالیں گے ۔