نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت لاہور اور فیصل آباد میں گھروں کی تعمیر کا آغاز اگلے ماہ ہوگا‘میاں محمود الرشید

پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی دیگر شہروں میںبھی اراضی کے حصول کیلئے کارروائی ترجیحی بنیادوںپر مکمل کرے

منگل 26 مارچ 2019 17:09

نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت لاہور اور فیصل آباد میں گھروں کی تعمیر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت لاہور اور فیصل آباد میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کا آغاز اگلے ماہ کر دیا جائے گا، پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) صوبے کے دیگر شہروں میںاس سکیم کے تحت جگہ کے حصول کیلئے ضروری کارروائی ترجیحی بنیادوںپر مکمل کرے۔

یہ بات انہوں نے پھاٹا بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈائریکٹر جنرل پھاٹا لیاقت علی چٹھہ اور بورڈ کے دیگر ارکان اجلاس میں شریک تھے۔ میاں محمود الرشید نے کہاکہ سیالکوٹ اور چنیوٹ میں بھی نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم کا آغاز اگلے ماہ ہوگا۔اس سکیم میں پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے ہائوسنگ سے متعلقہ قوانین میں مناسب ترامیم کی تیاری کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ پھاٹا نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت مختلف شہروں میں ہائوسنگ پراجیکٹس کے آغاز کیلئے لیکویڈیشن بورڈ سے اراضی کے حصول کی کوششیںمزید تیز کرے۔ مزید براں فیصل آباد میں 600کنال اراضی کے حصول کیلئے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے معاملات بھی طے کئے جائیں۔ اجلاس کے دوران ڈی جی پھاٹا لیاقت علی چٹھہ نے چشتیاں، رینالہ خورد اور لودھراں میں نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت گھروں کی تعمیر میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔مزیدبراں منڈی بہائوالدین، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مریدکے ، جہلم ، پتوکی، رحیم یارخان، منچن آباد اور جھنگ میں پھاٹا کے زیرانتظام ہائوسنگ پراجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔