ٹیسٹ کے مقابلے میں ون ڈے کرکٹ کٹھن ہے:محمد عباس

سفید بال کی کرکٹ میں غلطی کی گنجائش بہت ہی کم ہوتی ہے :قومی فاسٹ باﺅلر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 مارچ 2019 17:12

ٹیسٹ کے مقابلے میں ون ڈے کرکٹ کٹھن ہے:محمد عباس
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مارچ 2019ء) قومی فاسٹ باﺅلر محمد عباس کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کے مقابلے میں ون ڈے کرکٹ میں باﺅلنگ کرنا زیادہ کٹھن ہے کیونکہ سفید بال کی کرکٹ میں غلطی کی گنجائش بہت ہی کم ہوتی ہے کیونکہ ایسا کرتے ہی رنز پڑنا شروع ہو جاتے ہیں۔آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے میں کیپ کے حصول کے بعد فاسٹ باﺅلر محمد عباس کو اعتراف کرنا پڑا کہ ون ڈے کرکٹ ٹیسٹ کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہے کیونکہ سفید بال سے کھیلے جانے والے میچوں میں وکٹیں بالکل سیدھی اور سپاٹ ہوتی ہیں جن سے اپنی باﺅلنگ کو ہم آہنگ کرنا پڑتا ہے جب کہ ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ بہتر وکٹیں اس بات کا حوصلہ دیتی ہیں کہ آگے گیندیں کی جائیں کیونکہ سوئنگ کا ساتھ بھی حاصل ہوتا ہے۔

اولین ون ڈے میں 44 رنز کے عوض ایک وکٹ لینے والے قومی پیسر کا کہنا تھا کہ ماحول کو جانچنے کے بعد خود کو اس سے ہم آہنگ کرنا اہم بات ہوتی ہے البتہ غلطی کا مارجن اتنا کم ہوتا ہے کہ فوری باﺅنڈری پڑ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

محمد عباس کا کہنا تھا کہ باﺅلنگ کوچ اظہرمحمود کے ہاتھوں سے ون ڈے کیپ ملنا ان کیلئے فخر کا باعث ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ مزید مواقع ملنے پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی ٹیم کو فتح دلانے میں مدد نہیں کر سکے کیونکہ وکٹ روایتی انداز سے بیٹنگ کیلئے سازگار تھی لیکن اگلے میچوں میں وہ بہتری کی کوشش کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نئی گیند سے وکٹوں کے حصول کیلئے وہ پوری طاقت لگاتے ہیں اور وکٹیں نہ ملنے پر رنز روکنے کی کوشش ہوتی ہے کیونکہ اسی طرح حریف بیٹسمین کو دباﺅ میں لا کر غلطی پر اکسایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :