بلاول زرداری ایک دفعہ سندھ کے حقوق اور روٹی کپڑا مکان دینے کے لیے بھی مارچ کرلیں،سید شفقت علی شاہ

پہلے عوام کا پیسہ لوٹ کر کرپشن کی گئی اب کرپشن بچائو تحریک میں بھی عوام کا پیسہ استعمال کیا جارہا ہے ،فنانس سیکرٹری مسلم لیگ فنکشنل سندھ

منگل 26 مارچ 2019 17:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے فنانس سیکرٹری سید شفقت علی شاہ نے کہاہے کہ بلاول زرداری ایک دفعہ سندھ کے حقوق اور روٹی کپڑا مکان دینے کے لیے بھی مارچ کرلیں،سندھ کے لوگ بھوک پیاس سے مررہے ہیں بلاول اب بچائو تحریک میں عوام کا پیسہ خر چ کررہے ہیں۔منگل کوجاری اپنے بیان میں سید شفقت علی شاہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی اپنے سیاسی مارچ کے لیے سرکاری مشینری کا استعمال بند کرے ۔

پہلے عوام کا پیسہ لوٹ کر کرپشن کی گئی اب کرپشن بچائو تحریک میں بھی عوام کا پیسہ استعمال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ کی تعلیم کو تباہ کردیاگیاہے اوربلاول زرداری ٹرین مارچ کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ ٹرین مارچ کس لیے ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ دھرتی کی تکلیفوں پر ،اپنے اوراپنے خاندان پریا اپنی پارٹی کے کرپٹ لوگوں کی کرپشن چھپانے کیلیے۔

سید شفقت علی شاہ نے کہاکہ بلاول زرداری کے وائٹ کالر کرپشن پارٹنرز نے سندھ حکومت ٹھیکے پر دے دی ہے۔پتہ نہیں کس چیز کا ٹرین مارچ کیا جا رہا ہے پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کردیا ہے ۔جب بھی چوروں پر ہار ڈالاجاتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ٹرین مارچ کرپشن کو بچانے کے لئے نکالا جا رہا ہے۔