گورنرسندھ عمران اسماعیل سے پیشنز فائونڈیشن ایڈ ویلفیئر فائونڈیشن کے چار رکنی وفد کی ملاقات

حکومت غریب و نادار افراد کی کفالت اور انھیں بھرپور طبی سہولیات کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون اور مدد جاری رکھے گی،عمران اسماعیل

منگل 26 مارچ 2019 17:50

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے پیشنز فائونڈیشن ایڈ ویلفیئر فائونڈیشن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے پیشنز ایڈ ویلفیئر فائونڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود کی سربراہی میں4 رکنی وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ وفد میں مشتاق چھاپڑا، یو نس بنگالی اور محترمہ شاہین سلیمان شامل تھیں ۔ ملاقات میں وفد نے بتایا کہ پی اے ایف کے تحت کلینیکل پیتھالوجی، بلڈ بنک ،نفرولوجی ، نیورو لوجی ، سائبر نائیف ، اپتھمولوجی ، گائیناکو لوجی ، چیسٹ وارڈ ، میڈیکل آئی سی یو ، ریڈ ر لوجی بلڈنگ ، اونوکولوجی ، نیورو ٹروما ، پٹ سی ٹی اور دیگر شعبوں میں مریضوں کو بلا معاوضہ علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے ، فائونڈیشن کی ترجیح ہے کہ جناح اسپتال آنے والے مستحق مریضوں کو بلاتفریق بلا معاوضہ معیاری علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائے ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے پیشنز ایڈ ویلفیئر فائونڈیشن کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فلاح انسانیت کے نیک مقصد کے تحت کام کرنے والے افراد ، این جی اوز اور دیگر اداروں کی بھرپور کاوشیں مستحق افراد کے دکھوں کا مناسب مداوا اور انھیں طبی سہولیات کی بلا معاوضہ فراہمی یقینا ایک قابل تحسین و قابل قدر اقدام ہے جو دیگر افراد با الخصوص مخیر حضرات کو اس جانب راغب کرنے کا باعث بھی ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہورہی ہے جناح اسپتال میں غریب و نادار افراد کوفائونڈیشن بھرپور طبی سہولیات فراہم کرنے میں سب سے آگے اور نمایاں نظر آرہی ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت غریب و نادار افراد کی کفالت اور انھیں بھرپور طبی سہولیات کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون اور مدد جاری رکھے گی اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان سندھ کے 7 اضلاع میں ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی منظوری د ے چکے ہیں ہیلتھ کارڈ کے اجراء سے لوگوں کو بہترین سہولیات حاصل ہو سکیں گی ،ہیلتھ کارڈ سے 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت تک کی صحت کی سہولیات کسی بھی اسپتال سے حاصل کی جا سکے گی ۔