شیخ رشید کا طالبات کو رات کو جلدی سونے کا مشورہ

طالبات موبائل فون کا استعمال بھی کم کیا کریں، میرا بس چلے تو اسمارٹ فون ویسے ہی بند کروا دوں، لڑکے نالائق اور لڑکیاں لڑکوں کی نسبت لائق ہوتی ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 26 مارچ 2019 17:27

شیخ رشید کا طالبات کو رات کو جلدی سونے کا مشورہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مارچ 2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے طالبات کو رات کو جلدی سونے اور موبائل فون کم استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو اسمارٹ فون ویسے ہی بند کروا دوں، لڑکیاں لڑکوں کی نسبت لائق ہوتی ہیں، خواتین کی تعلیم میں راولپنڈی سب سے آگے ہے۔  وفاقی وزیر ریلوے نے خواتین کالج راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری اس کالج سے بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔

میں سیاسی زندگی میں ملنے والے پلاٹوں پر درس گاہیں بنوائیں۔ سرسید روڈ پر خواتین کالج کا ٹھیکہ دے دیا۔ اب اس کالج میں تب واپس آؤں گا جب یونیورسٹی بنا دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیاں لڑکوں کی نسبت لائق ہوتی ہیں۔ لڑکے پڑھتے ہی نہیں نالائق ہوتے ہیں جبکہ لڑکیاں لائق ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ طالبات رات کو جلدی سو جایا کریں اور موبائل فون کا بھی کم استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو اسمارٹ فون ویسے ہی بند کروا دوں۔ مزید برآں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ملکی خزانے کو لوٹنے اور کرتوتوں کے باعث نیب جارہا ہے، بطور وفاقی وزیر جو بھی دستاویزات میرے پاس موجود تھی نیب کے حوالے کر دیں ۔ انہوںنے کہاکہ شاہد عباسی بیرون ملک اپنے جوابات تیار کروارہے تھے۔ شیخ رشید نے کہاکہ نیب کے پاس بین الاقوامی سکالرز یا پروفیسر موجود نہیں ہوں گے تاہم میں نے اپنا کام کردیا ہے اگلا کام نیب کا ہے۔

انہوںنے کہاکہ این آر او مانگتے ہوئے صرف شہباز شریف کو سنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میں نے بلاول کو ٹرین پر لانا تھا لے آیا ہوں،ٹرین پر چند سو لوگوں کو بلوا کر بلاول سمجھتے ہیں قومی ہیرو ہیں،بلاول کرپشن کے حق میں نکل رہے ہیں یہ ان کی سیاسی چیتا جلا دے گا۔ نوازشریف کی درخواست ضمانت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آج بہت اہم دن ہے جو قانون اور عدالت کہے گئی وہ ٹھیک رہے گا انہوںنے کہاکہ اللہ کی ان کو سزا ہے ،یہ اللہ کی پکڑ میں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ طاہر القادری نے بھی کہا ہے کہ میں نے اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ان دونوں خاندانوں کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔