آزاد کشمیر کے اندر انصاف کا نظام قائم کرنامسلم لیگ ن کی حکومت کا مشن تھا،راجہ محمد فاروق حیدر خان

معاشرتی ، سماجی انصاف کے لیے ہماری حکومت نے عملی اقدامات اٹھائے،وزیراعظم آزاد کشمیر آزا دکشمیر کے ہر حلقہ میں تعلیمی اداروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک کروڑ روپے فی حلقہ دے رہے ہیں،تقریب سے خطاب

منگل 26 مارچ 2019 18:54

عباسپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے اندر انصاف کا نظام قائم کرنامسلم لیگ ن کی حکومت کا مشن تھا،معاشرتی ، سماجی انصاف کے لیے ہماری حکومت نے عملی اقدامات اٹھائے۔ وکلاء برادری معاشرے کے مظلوم ، پسماندہ اور پسے ہوئے طبقات کی انصاف تک رسائی کے لیے بنیادی کردار ادا کرتی ہے ۔

تیرہویں ترمیم میں جس طرح آزاد کشمیر بھر کے وکلاء نے میری حمایت کی اس پر انکا شکر گزار ہوں ۔ عباسپور میں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کیلئے مالیاتی وسائل فراہم کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباسپور بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری یسٰین گلشن ، صدر سنٹرل بار سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے وکلاء نے اپنی ہڑتال ختم کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا ۔ صدر بار سردار ساجد حسین، جنرل سیکرٹری سردار اجمل طاہر ، نائب صدر یاسر خورشید چوہدری ، جائنٹ سیکرٹری شفیع الرحمان سے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے حلف لیا ۔وکلاء برادری نے عباسپور کیلئے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی آسامی ، برقیات اورشاہرات کے ضلعی دفاتر قائم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزا دکشمیر کے ہر حلقہ میں تعلیمی اداروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک کروڑ روپے فی حلقہ دے رہے ہیں ۔ آج آزاد کشمیر کی حکومت مالیاتی طور پر مکمل خود کفیل ہے ۔ وزیر اعظم نے عباسپور بار کے لیے پانچ لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں یہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے پاک فوج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے دورے کا مقصد عوام اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت چوہدری یسیٰن گلشن نے کہا کہ قائد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اہلیان عباسپور کے لیے جس فیاضی اور سخاوت کا مظاہرہ کیا ہے ہم ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم احسان فراموش نہیں ۔

آزا د کشمیر کے اندر میرٹ کی بحالی ،قانون کی حکمرانی اور تعمیر وترقی کے لیے راجہ محمد فاروق حیدر خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔وزیر اعظم نے لائن آف کنٹرول کے اوپر عوام کے درمیان رات گزار کے پیغام دیا ہے کہ حکومت اور عوام اگھٹے اور پاک فوج کی پشت پر ہیں ۔دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر نے وزیر حکومت چوہدری یسٰین گلشن کی رہائش گاہ پر رات قیام کیا اور حلقہ کی مختلف یونین کونسل ہا کے نمائندہ وفود سے ملاقاتیں کیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات صادر فرمائے ۔

متعلقہ عنوان :