لورالائی میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن ،کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر 4ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا،آئی ایس پی آر

منگل 26 مارچ 2019 18:57

لورالائی میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن ،کالعدم تحریک طالبان پاکستان ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر 4ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہلاک دہشت گرد سنجاوی میں لیویز اہلکاروں کے قتل سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کی صبح سیکورٹی فورسز نے لورالائی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن شروع کیا تو ایک کمپاؤنڈ میں موجود دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 2خود کش حملہ آوروں سمیت4دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان لورالائی کا اہم رہنما اوردہشت گردی کی متعدد وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ ،خود کش جیکٹس ،دھماکہ خیز مواد اور 20مارچ کو سنجاوی میں لیویز چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں شہید کئے جانے والے لیویز اہلکاروں کے شناختی کارڈ اورسروس کارڈ برآمد کرلئے گئے جبکہ کارروائی میں سیکورٹی فورسز کے 4اہلکار بھی زخمی ہوئے۔