سندھ یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ کے ایم اے اور بی ایس انگلش کے طلبہ و طالبات کی جانب سے لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد

منگل 26 مارچ 2019 19:11

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) سندھ یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ کے ایم اے اور بی ایس انگلش کے طلبہ و طالبات کی جانب سے لٹریچر فیسٹیول کی تقریب بیگم نصرت بھٹو ہال میں منعقد کی گئی جہاں طالبات نے ثقافتی لباس پہن کر ٹیبلوز اور رقص پیش کرکے خوب داد حاصل کی جبکہ طلبہ نے مختلف موضوعات پر خاکے پیش کیے۔ فیسٹیول میں ادب سمیت مختلف موضوعات پر کتابی اسٹال بھی لگایا گیا جہاں طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے خریداری کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجو کا کہنا تھا کہ ٹیکنالاجی کے ذریعے دنیا تیزی کے ساتھ تبدیل ہورہی ہے جس کی وجہ سے دنیا کے نامور کمپنی کو ایک ہی جھٹکے میں 5 بلین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا آج کے طالبعلم جدید ٹیکنالاجی کے ذریعے اپنے ملک و قومی کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک اس خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام بڑا منصوبہ ہے ایک اندازے کے مطابق سی پیک میں 9 لاکھ ملازمتیں ہیں اگر آپ محنت کرکے کامیاب ہونگے تو وہ ملازمتیں آپ کو بھی مل سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سندھ میں دو جامعات تھے لیکن اب 50 سے زائد سرکاری و نجی جامعات ہیں لیکن ہمارے نوجوانوں کو کاپی اور سفارش کلچر کا خاتمہ کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔ تقریب سے سندھ کے نامور شاعر عبدالغفار تبسم، نامور مصنف عیسیٰ میمن اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ تقریب میں میئر محمد اسلم شیخ، رضوان گل، ذیشان احمد شیخ، فرحان رشید شیخ، ادیبوں، شاعروں، کیمپس کے اساتذہ، طلبہ و طالبات سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔